کامیابی کے راز

بہترین تعلقات

اس زندگی میں کوئی شخص بھی کسی سے تعلق قائم کئے بغیر نہیں رہ سکتا۔ ہمیں اپنی پیدائش سے لے کر موت تک دوسروں پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔ ہر شخص خواہ وہ کتنا ہی بڑا یا چھوٹا کیوں نہ ہو، ہماری کامیابی کا زینہ ثابت ہو سکتا ہے۔ یاد رکھیے،”اکیلے پھول سے کبھی بھی گلدستہ تشکیل نہیں دیا جا سکتا۔”

دنیا کے سات جدید عجائب میں پیٹرا کا شمار بھی ہوتا ہے۔ پیٹرا قدیم دور کی اس واحد سلطنت کا دارالحکومت تھا جو کہ فوج کی بجائے تجارت کی بنیاد پر قائم تھی۔ دنیا کے قدیم اور خوبصورت ترین آرکیٹیکچر پر مشتمل اس مقام کا سفرنامہ پڑھنے کے لئے یہاں کلک کیجیے۔

مسلسل جدوجہد

یہ ایک آفاقی قانون ہے کہ ہم کچھ کیے بغیر کچھ حاصل نہیں کر سکتے۔ زندگی میں کامیابی کی قیمت، مسلسل جدوجہد کی صورت میں ادا کرنا پڑتی ہے۔ صرف اور صرف ایک صحت مند جسم ہی بے پناہ توانائی کے ساتھ کام کر سکتا ہے۔ اگر ہم اپنی زندگی کی تین بنیادی ضروریات یعنی کھانا، ازدواجی تعلقات اور سونے میں افراط و تفریط سے کام لیں تو اس سے ہماری صحت اور ذہنی سکون بری طرح متاثر ہوتا ہے۔ یاد رکھیے کہ “کامیابی کا 1% انحصار آپ کے جذبہ عمل اور 99% انحصار آپ کی پسینہ نکال دینے والی محنت پر ہوتا ہے۔”

تخلیقی قوت

اللہ تعالی نے ہم میں سے ہر ایک کو بے پناہ تخلیقی قوت عطا کی ہے۔ مگر یہ قوت ہماری شخصیت کی کسی گہرائی میں پائی جاتی ہے۔ جس طرح ایک مجسمہ ساز کو اپنے اوزاروں کی مدد سے پتھر کو تراش کر اس کے اندر سے ایک مجسمہ برآمد کرنا پڑتا ہے، بالکل اسی طرح ہمیں اپنی تخلیقی صلاحیت کو دریافت کرنے کے لئے اپنی شخصیت کی تراش خراش کر کے روایتی طرز فکر سے نجات حاصل کرنا پڑتی ہے۔ یہ اصول یاد رکھیے کہ “اگر آپ وہی کچھ کرتے ہیں گے جو آپ اب کر رہے ہیں تو آپ وہی کچھ ہی حاصل کر پائیں گے جو آپ اس وقت حاصل کر رہے ہیں۔”

خود اعتمادی

ایک ایسا باصلاحیت شخص جس میں خود اعتمادی کی کمی ہو، اس کار کی طرح ہے جس میں اسپارک پلگ نہ لگے ہوئے ہوں۔ خود اعتمادی ایسا کشتہ ہے جو ہماری توانائی کو کئی گنا بڑھا دیتا ہے۔ یاد رکھیے، وہی شخص کامیاب ہوتا ہے جو یہ سمجھتا ہے کہ وہ واقعتاً کچھ کر سکتا ہے۔

ابلاغ کی صلاحیت

پبلک کے سامنے بولنے سے ہی انسان متاثر کر دینے والی تقریر سیکھ سکتا ہے۔ اس کے نتیجے میں آپ کی ہمت اور خود اعتمادی میں بہت سا اضافہ ہو سکتا ہے اور آپ اپنے معاشرے میں باعزت مقام حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں ہماری گفتگو ایک زندہ گفتگو بن جاتی ہے۔ اس میں دوسروں کے لئے دلچسپی کا سامان پیدا ہو جاتا ہے اور آپ کے پاس دوسروں کو قائل کرنے کی صلاحیت آ جاتی ہے۔ یاد رکھیے کہ “شاعر تو پیدائشی شاعر ہوا کرتے ہیں مگر ایک عام شخص کو بھی تربیت دے کر ایک اچھا مقرر بنایا جا سکتا ہے۔”

جو شخص بدکاری کا ارتکاب کرتا ہے وہ عقل سے محروم ہے۔ ایسا کرنے والا اپنی شخصیت کو تباہ کر لیتا ہے۔ وہ بیماریوں اور ذلت کا شکار ہو جاتا ہے۔ وہ شرمندگی سے کبھی نجات حاصل کرنے کے قابل نہیں رہتا۔ سیدنا سلیمان علیہ الصلوۃ والسلام (بائبل)

(Self-Motivation) جذبہ عمل

ایک بارہ سالہ لڑکے نے اپنے باپ کی ٹانگوں پر گری ہوئی بھاری لکڑی کو اٹھا کر ہٹا دیا۔ یہ لکڑی اتنی بھاری تھی کہ بعد میں چار افراد بمشکل اسے ہلا سکے۔ اسی طرح کے اور بھی ناقابل یقین واقعات ہمارے سامنے وقوع پذیر ہوتے رہتے ہیں۔ جب انسان کے ذہن میں کوئی مقصد تشکیل پا جاتا ہے تو اس مقصد کے حصول کے لئے انسان عمل کی بلندیوں کو چھونے لگتا ہے۔ یاد رکھیے کہ “ایک چھوٹا سا بیج ہی تو ہوتا ہے جو کہ ایک تناور درخت میں تبدیل ہوتا ہے۔”

اچھی یادداشت

یادداشت ہی ہمارے ذہن کے استعمال کا پیمانہ ہے۔ اچھی یاداشت کا راز یہ ہے کہ ہم معلومات کو ذہن میں منظم انداز میں رکھیں تاکہ ضرورت پڑنے پر ان معلومات کو فوراً ذہن سے اخذ کیا جا سکے۔ عمر، تعلیم اور ذہانت سے قطع نظر ہم میں سے ہر ایک اچھی یادداشت کا مالک ہو سکتا ہے۔ یاد رکھیے کہ “اگر آپ اس یادداشت کو استعمال نہیں کریں گے تو جلد ہی اس سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔” [یہی معاملہ ذہن کی دیگر صلاحیتوں کا بھی ہے۔]

(مصنف: پروفیسر پان الینگو، ترجمہ: محمد مبشر نذیر، بشکریہ www.inneruniverse.com)

علم خرچ کرنے سے بڑھتا ہے جبکہ دولت خرچ کرنے سے کم ہوتی ہے۔ اس تحریر کو اپنے دوستوں سے بھی شیئر کیجیے۔ اپنے علم کو شیئر کرنے کے لئے ای میل بھیجیے۔
mubashirnazir100@gmail.com

غور فرمائیے

۔۔۔۔۔ فاضل مصنف نے دنیا میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے جن خصوصیات کا ذکر کیا ہے، وہی خصوصیات ہماری اصل زندگی یعنی آخرت کی کامیابی کے لئے بھی ضروری ہیں۔ ایک ایک خصوصیت کو لے کر بیان کیجیے کہ اس کا آخرت کی کامیابی سے کیا تعلق ہے؟

علوم القرآن میں تعمیر شخصیت لیکچرز

کامیابی کے راز
Scroll to top