ڈریم کروز انگریزی زبان کا لفظ ہے۔اس کے معنی ایک ایسے بحری سفر کے ہیں، جس کا اصل مقصد سیر و تفریح ہوتا ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ کراچی اوردبئی کے درمیان میں ایسے ہی ایک کروز کا اہتمام کیا گیا۔ یہ سفر ایک بحری جہاز ’’ڈریم کروز‘‘ کے ذریعے سے کیا جائے گا۔ یہ جہاز کراچی سے روانہ ہوکر دو دن میں دبئی پہنچے گا۔ وہاں ایک روز کے قیام کے بعد مسافر دو دن میں واپس پہنچیں گے۔ اس جہازمیں 1250 مسافروں کی گنجائش ہے ۔
جو کوئی اپنے بھائی پر ناحق غصہ کرتا ہے، وہ (اللہ تعالی کی) عدالت میں سزا پائے گا۔ سیدنا عیسی علیہ الصلوۃ والسلام |
ڈریم کروز علامتی طور پر ایک ایسے بحری سفر کا نام ہے جس میں انسان اپنے خوابوں اور تصورات کے مطابق تفریح اور تعیشات سے لطف اندوز ہوسکے۔ چنانچہ اس جہاز میں فائیو اسٹار ہوٹل کی تمام سہولیات کے علاوہ طرح طرح کی دیگر تفریحات اور تعیشات کا اہتمام کیا گیا ہے۔ جہاز کا کرایہ 33 ہزار سے 52 ہزار روپے تک ہے۔ اس جہاز نے اپنے پہلے سفر کا آغاز 7نومبر کو 300 مسافروں کے ہمراہ کیا۔ پاکستان میں پیسے والے لوگوں کی کمی نہیں۔ امید یہ ہے کہ یہ سروس پاکستان میں بہت کامیاب رہے گی۔
انسانوں کو شاید معلوم نہیں مگر ایک ڈریم کروز اور بھی ہے۔ یہ وہ کروز ہے جس کا اہتمام کائنات کے مالک نے کیا ہے۔اس کروز میں وہ نعمتیں ہیں، جو انسان کے خواب و خیال میں بھی کبھی نہیں آئی ہوں گی۔ اس کروز میں جو ایک دفعہ بیٹھ گیا وہ نہ اس سے اترنا چاہے گا اور نہ کوئی اسے اتارنے کی کوشش کرے گا۔ اس کا کرایہ انتہائی کم ہے اس لیے ہر امیر غریب اس میں سوار ہوسکتا ہے۔ اس میں مسافروں کی تعداد کی کوئی آخری حد نہیں ہے۔ اس میں لذت اور خوشی کی کوئی انتہا نہیں ہے۔
دنیا کے ڈریم کروز کی خبر سن کر ہو سکتا ہے کہ آپ نے بھی اس میں سفر کرنے کا ارادہ یا خواہش کی ہو۔ مگر سوچیے کہ جنت کے ڈریم کروز کی خبر سن کر آپ نے اس میں بیٹھنے کا ارادہ کیا یا نہیں؟ اگر نہیں کیا تو کر لیجیے۔ اس لیے کہ وقت بہت جلد آپ کو موت کے سمندرمیں پھینکنے والا ہے۔ قیامت کا طوفان اٹھنے والا ہے۔ اس طوفان میں صرف خدائی ڈریم کروز کے مسافر ہی بچ سکیں گے۔ یہ تفریح ہی کا نہیں تحفظ کا بھی مسئلہ ہے۔ ذرا سوچیے۔ ۔ ۔ اس سے پہلے کہ سانس کی ڈوری ٹوٹ جائے۔
(مصنف: ریحان احمد یوسفی)
آپ کے سوالات اور تاثرات سے دوسرے لوگوں کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ اپنے سوالات اور تاثرات بذریعہ ای میل ارسال کیجیے۔ اگر یہ تحریر آپ کو اچھی لگی ہو تو اس کا لنک دوسرے دوستوں کو بھی بھیجیے۔ mubashirnazir100@gmail.com |
غور فرمائیے
زندگی کے ڈریم کروز سے کیا مراد ہے؟ اس میں بیٹھنے کا طریقہ کیا ہے؟
اپنے جوابات بذریعہ ای میل اردو یا انگریزی میں ارسال فرمائیے تاکہ انہیں اس ویب پیج پر شائع کیا جا سکے۔
علوم القرآن کے ذریعے تعمیر شخصیت لیکچرز