توبہ کے بعد حرام مال کا کیا کیا جائے؟

السلام علیکم ورحمتہ اللہ

ہمارے ایک جاننے والے صاحب نے ایک کاروبار کیا جس میں حلال اور حرام پیسہ لگایا۔ حرام پیسہ سود کے ذریعے حاصل کیا گیا تھا۔  انہوں نے اس حرام پیسے سے گھر کا سامان وغیرہ بھی خریدا۔ اس کے بعد بزنس میں نقصان ہو گیا اور اسے بند کرنا پڑا۔ اب وہ صاحب اللہ کی طرف مائل ہو گئے ہیں اور انہوں نے توبہ کر لی ہے۔ ان کے حالات اب ٹھیک ہو رہے ہیں اور انہیں یہ فکر ہے کہ گھر کے سامان کا کیا کریں؟کیا اس حرام مال کا کوئی فدیہ وغیرہ ادا کرنا ہو گا۔ ابھی ان کی مالی حالت بہت اچھی نہیں ہے۔  شریعت کے مطابق جواب دیجیے۔

عاصم

کراچی، پاکستان

جنوری 2012

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

سب سے پہلے تو آپ کو ان صاحب کو توبہ کی مبارکباد دینی چاہیے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے تاکہ وہ اس راہ پر استقامت سے جمے رہیں۔ پھر انہیں بتائیے کہ اللہ تعالی نے دین کو بہت آسان بنایا ہے اور اللہ تعالی ان کی توبہ کو قبول فرمائے گا۔ موجودہ حالات میں ان کے لیے مناسب لائحہ عمل یہ ہے:

۔۔۔۔۔۔ سب سے پہلے تو وہ حساب لگائیں کہ انہوں نے سود کی مد میں کس سے کتنے پیسے وصول کیے تھے۔ کیا وہ لوگ یا ان کے وارث زندہ ہیں؟

۔۔۔۔۔۔ اس کے بعد وہ اپنی موجودہ مالی حالت کے اعتبار سے یہ دیکھیں کہ وہ ماہانہ کتنی رقم ادا کر سکتے ہیں۔ اس رقم کو وہ حق داروں تک پہنچانے کے عمل کا آغاز کر دیں۔ ان سے آغاز کریں جو خود یا ان کے وارث ابھی زندہ ہیں۔ انشاء اللہ اللہ تعالی ان کی مدد فرمائے گا اور یہ رقم جو قرض کی صورت میں ہے، اتر جائے گی۔ اس عمل میں چاہے انہیں کئی سال لگ جائیں لیکن وہ یہ کریں ضرور۔

۔۔۔۔۔۔ جو لوگ یا ان کے وارث موجود نہ ہوں، ان کے معاملے میں وہ یہ کر سکتے ہیں کہ اس رقم کو ان لوگوں کی جانب سے خیرات کر دیں اور اللہ تعالی سے استغفار کرتے رہیں۔

۔۔۔۔۔۔ گھر میں جو سامان وہ حرام کے مال سے خرید بیٹھے ہیں، اسے پھینکنا عقل مندی نہ ہو گی۔ اس سے بہتر ہے کہ اگر اس سامان سے وہ کسی کو ادائیگی کر سکتے ہیں تو کر دیں، ورنہ اپنی حلال کی آمدنی سے لوگوں کا قرض اتارتے رہیں۔ اللہ تعالی سے توبہ اور دعا کرتے رہیں۔ انشاء اللہ، وہ ان کی مدد ضرور فرمائے گا۔

والسلام

محمد مبشر نذیر

Don’t hesitate to share your questions and comments. They will be highly appreciated. I’ll reply ASAP if I know the answer. Send at mubashirnazir100@gmail.com.

تعمیر شخصیت لیکچرز

توبہ کے بعد حرام مال کا کیا کیا جائے؟
Scroll to top