السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
محترم مبشر بھائی
۔۔۔۔۔۔ کیا بینک کی نوکری حلال ہے یا حرام؟ اکثر اسلامی اسکالر کہتے ہیں کہ بینک کی کسی قسم کی نوکری بھی جائز نہیں ہے مگر میں نے دیکھا ہے کہ بہت سے مذہبی لوگ بینک میں کام کرتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔ کیا کوئی کریڈٹ کارڈ سود کے بغیر مل سکتا ہے؟ کیا اس کا استعمال جائز ہے؟
۔۔۔۔۔۔ جہاں میں جاب کرتا ہوں، وہاں باس نے مجھ سے پوچھا کہ فرض کرو کہ تم نے کسی نے 2000 روپے دینے ہیں اور تم پوری رقم نہیں دینا چاہتے اور اتنی رقم دے دیتے ہو کہ وہ مطمئن ہو جائے۔ آپ بزنس کی فیلڈ میں ہیں۔ بتائیے کہ اس طرح کی سچویشن میں کیا کیا جاتا ہے؟
عبداللہ، سیالکوٹ، پاکستان
ستمبر 2010
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ
جوابات حاضر ہیں۔
۔۔۔۔۔۔ تمام اہل علم اس پر متفق ہیں کہ بینک کا سود حرام ہی ہے۔ بینک کی نوکری اس نظام کی خدمت ہو تو ہے۔ اس وجہ سے اس نظام کی خدمت سے بھی اجتناب کرنا چاہیے۔ جو مذہبی لوگ بینک میں نوکری کرتے ہیں، ان کا معاملہ اللہ تعالی کے سپرد ہے۔ بعض لوگ کہتے ہیں کہ سود سے کہیں نہیں بچا جا سکتا، اس وجہ سے بینک ہی میں نوکری کر لی جائے تو کیا حرج ہے۔ ان کی بات غلط ہے۔ براہ راست سود میں اپنی مرضی سے انوالو ہونا اور بات ہے اور کہیں آپ مجبوراً ایسے معاملے میں پھنس جائیں تو اور بات ہے۔ اس وجہ سے ایک خدا سے ڈرنے والے شخص کو بینک کی نوکری نہیں کرنی چاہیے۔
۔۔۔۔۔۔ کوئی کریڈٹ کارڈ بغیر سود کے نہیں ہوتا۔ ہاں ڈیبٹ کارڈ بغیر سود کے ہوتا ہے۔ اگر انٹرنیشنل پیمنٹس کے لئے اس کا استعمال کرنا ضروری ہو تو اس کی ڈیو ڈیٹ سے پہلے ادائیگی کر دیں تاکہ سود سے بچا جا سکے۔
۔۔۔۔۔۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ پوری رقم کی ادائیگی کیوں نہ کی جائے۔ اگر کسی متعین تاریخ کا معاہدہ ہے تو پھر ہر حال میں ادائیگی کرنی چاہیے۔ کاروباری لوگ حیلے بہانے سے وعدے کے مطابق ادائیگی میں جو تاخیر کرتے ہیں، اس کی دین میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔ دین ہمیں آخری حد تک معاہدے کی پابندی کا حکم دیتا ہے۔ یہاں تک کہ دشمن سے بھی اگر کوئی معاہدہ ہو تو اس کی خلاف ورزی اس وقت تک نہیں ہو سکتی جب تک کہ وہ دشمن خود اس معاہدے کی خلاف ورزی نہ کر دے۔
والسلام
محمد مبشر نذیر
Don’t hesitate to share your questions and comments. They will be highly appreciated. I’ll reply ASAP if I know the answer. Send at mubashirnazir100@gmail.com.