ڈئیر مبشر صاحب
السلام علیکم ورحمتہ اللہ
میں قرآن مجید کا ایک ادنی سا طالب علم ہوں۔ بہت سی باتیں آپ سے شیئر کرنا چاہتا ہوں مگر ابتدا میں سورۃ الاحزاب آیت 56 سے کروں گا۔ اس آیت میں تسلیم کرنے کی بات ہو رہی ہے۔ لفظ درود فارسی زبان کا لفظ ہے ، اس کے معنی جڑ کاٹنے کے ہیں۔ اور اصطلاحی معانی ہیں، کسی کی جڑیں کاٹ کے رکھ دینا۔ تصدیق کے لیے دیکھیے، فارسی سے اردو ڈکشنری۔
شکریہ
محمد عاطف
دسمبر 2011
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
ڈئیر عاطف صاحب
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
سورۃ احزاب کی آیت میں صلوۃ کا ترجمہ عام طور پر درود کیا جاتا ہے۔ زبانوں میں یہ عام چیز ہے کہ جب ایک زبان کا لفظ دوسری میں جاتا ہے تو اس کا مفہوم بعض اوقات بالکل ہی تبدیل ہو جاتا ہے۔ فارسی میں درود کا جو بھی مطلب ہو، اردو میں اس کا مطلب ہر شخص جانتا ہے کہ یہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے دعائے رحمت کو کہتے ہیں اور یہ لفظ اردو میں کسی اور کے لیے استعمال بھی نہیں ہوتا ہے۔
عربی میں لفظ صلوۃ دعا کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ اس کے لیے آپ کسی بھی قدیم لغت جیسے لسان العرب کو دیکھ سکتے ہیں۔ جب یہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے ہو تو ظاہر ہے کہ اللہ تعالی سے آپ کے لیے مزید رحمت کی دعا ہو گی۔ اس وجہ سے “صلوا” کا ترجمہ “درود بھیجنا” ٹھیک ہے۔ترجمہ کرتے وقت یہی دیکھنا چاہیے کہ کسی لفظ کا موجودہ استعمال کیا ہے۔ ممکن ہے کہ ماضی میں یا کسی اور زبان میں اس کا کچھ اور مطلب ہو لیکن اصل چیز اس کا موجودہ استعمال ہے۔ اس تفصیل میں پڑنے کی ضرورت نہیں ہے کہ کوئی لفظ ماضی میں کسی اور زبان میں کس معنی میں استعمال ہوتا رہا ہے۔ یہ تمام تفصیلات ہمارے لیے غیر متعلق ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ ہمارے دور اور ہماری زبان میں وہ لفظ کس معنی میں استعمال ہو رہا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے ہر صاحب ایمان دعائے رحمت ہی کے معنی میں درود کا لفظ استعمال کرتا ہے، اس وجہ سے اس کے استعمال میں حرج نہیں ہے۔
اگر اور کوئی سوالات ہوں تو بلا تکلف لکھیے۔ لیکن گزارش ہے کہ اگر اردو میں لکھنا ہو تو اردو زبان میں لکھیے کیونکہ رومن اردو پڑھنا میرے لیے مشکل ہے۔ کمپیوٹر میں اردو انیبل کرنے کا طریقہ یہی ہے کہ آپ اپنے کمپیوٹر میں اردو کیبورڈ انسٹال کر لیجیے اور پھر جمیل نوری نستعلیق فانٹ بھی اپلوڈ کر دیجیے۔
ان دنوں اسلامک اسٹڈیز کو آن لائن کرنے کے پراجیکٹ پر کام کر رہا ہوں۔ اس کے بارے میں آپ کے تاثرات مل جائیں تو نوازش ہو گی۔
والسلام
محمد مبشر نذیر
Don’t hesitate to share your questions and comments. They will be highly appreciated. I’ll reply ASAP if I know the answer. Send at mubashirnazir100@gmail.com.