سوال: آج مسلمان دنیا بھر میں ایک مظلوم قوم ہیں۔ بہت سے ممالک میں ان پر ظلم کیا جارہا ہے۔ اس کے باوجود اقوام عالم کو ان سے ہمدردی محسوس نہیں ہوتی۔ اس کی کیا وجہ ہے؟
جواب: مسلمان ایک طویل عرصے تک دنیا میں سپر پاور کی حیثیت سے دنیا پر حکومت کرتے رہے ہیں۔ ہندوستان سے لے کر یورپ اور افریقہ کے دور دراز علاقے ان کے زیر نگیں رہے اور غیر مسلم حکومتیں بھی ان کی باج گزار رہیں۔ بارہ تیرہ سو سال کی اس تاریخ میں تمام ادوار خلافت راشدہ کے اخلاقی معیار کے نہیں رہے بلکہ کئی ایسے مسلمان بادشاہ بھی ہوئے ہیں جنہوں نے غیر مسلم رعایا پر ظلم کیا اور انہیں دوسرے درجے کا شہری بنا دیا۔ یورپ کے عروج کے ساتھ دنیا سے مسلم اقتدار کا خاتمہ ہو گیا۔
دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف ایک عمومی رد عمل پایا جاتا رہا ہے جو کسی بھی مغلوب قوم میں غالب قوم کے خلاف پیدا ہو جاتا ہے۔ یہ بالکل ایسا ہی رویہ ہے جیسا کہ اس وقت کی مغلوب اقوام میں امریکہ کے خلاف ایک عمومی نفرت پائی جاتی ہے۔
شاید پچھلے دو سو سال میں مسلمانوں سے متعلق اس نفرت کا خاتمہ ہو جاتا کیونکہ مسلمانوں کی حیثیت اب مظلوم قوم کی تھی لیکن ایسا نہ ہو سکا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ مسلمانوں سے جب اقتدار چھینا گیا تو انہوں نے صورت حال کا حقیقی تجزیہ کرنے کی بجائے یہ سمجھا کہ ان اقوام نے ہمیں ہمارے پیدائشی حق سے محروم کر دیا ہے۔ دنیا میں جن عوامل کے نتیجے میں یہ عظیم تبدیلی رونما ہوئی تھی، مسلمان ان کا ادراک نہ کر سکے۔ انہوں نے رد عمل کی نفسیات کے تحت بہت سے مقامات پر مسلح جدوجہد کو اختیارکیا جس کے نتیجے میں مسلم اور غیر مسلم اقوام میں نفرت، تعصب اور دشمنی کی یہ فضا برقرار رہی۔
موجودہ دور میں میڈیا کے فروغ کے باعث ایک بڑی تبدیلی رونما ہوئی ہے۔ انسان اب اپنے پرانے تعصبات کے جال سے نکل رہا ہے۔ چنانچہ ہم نے دیکھا کہ عراق پر امریکی حملے کی تقریباً تمام غیر مسلم اقوام نے مخالفت کی اور اس کے خلاف یورپ، آسٹریلیا اور خود امریکہ میں بڑے بڑے مظاہرے ہوئے۔ یہ چیز اس بات کا ثبوت ہے کہ آہستہ آہستہ دنیا اپنے تعصبات کے خول سے باہر آ رہی ہے۔
محمد مبشر نذیر
Don’t hesitate to share your questions and comments. They will be highly appreciated. I’ll reply as soon as possible if I know the answer. Send at mubashirnazir100@gmail.com.