مبشر بھائی جان
السلام علیکم
کیا مسلمان لڑکے یا لڑکی کی شادی غیر مسلموں سے ہو سکتی ہے؟ کیا شادی کے لیے نکاح ضروری ہے؟ کیونکہ شادی کے لیے تو صرف ڈیکلریشین کی ضرورت ہوتی ہے۔
محمد مدثر، انڈیا
ڈئیر مدثر بھائی
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
غیر مسلموں کے ساتھ شادی سے اجتناب کرنا چاہیے کیونکہ اس سے پھر بہت سے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ والدین میں سے ایک بچے کو مسلمان بنانا چاہے اور دوسرا عیسائی تو بچے کی شخصیت مسخ ہو کر رہ جائے گی۔ اس وجہ سے دین نے مسلمان لڑکی کو تو غیر مسلم سے نکاح سے ہر حال میں منع کیا ہے۔ مسلمان لڑکے کو غیر مسلم لڑکی سے نکاح بھی منع ہے۔ اس سے استثنا اہل کتاب کی پاک دامن خواتین کا ہے۔ یہ اجازت بھی اس صورت میں ہے جب غیر مسلم مسلمانوں کے ملک میں رہ رہے ہوں اور غالب امکان ہو کہ غیر مسلم خاتون پر اس سے اچھا اثر پڑے گا۔ موجودہ دور میں جو لوگ غیر مسلم ممالک میں جا کر وہاں ان کی لڑکیوں سے شادی کرتے ہیں، دیکھا گیا ہے کہ بالعموم وہ اپنے دین اور ایمان سے محروم ہو جاتے ہیں، اس وجہ سے اس سے اجتناب کرنا چاہیے۔
نکاح ڈیکلریشین ہی کا نام ہے جو کم از کم دو گواہوں کے سامنے ہو۔ یہ اس بات کا ڈیکلریشن ہے کہ لڑکا لڑکی اب میاں بیوی کی حیثیت سے زندگی بسر کریں گے۔ اس کی صورت ایجاب و قبول ہے اور یہی نکاح ہے۔ شاید آپ کے ذہن میں خطبہ نکاح کا تصور ہے جسے آپ نکاح سمجھ رہے ہیں۔ خطبہ سنت ہے مگر نکاح کا رکن نہیں ہے۔ نکاح کے ارکان صرف ایجاب و قبول، اعلان اور گواہ ہیں۔ خطبہ ایک سنت ہے کہ نکاح کے موقع پر وعظ و نصیحت کر دی جائے۔
والسلام
محمد مبشر نذیر
اگر والدین بچوں کو مذہب اپنی مرضی سے اختیار کرنے کی اجازت دیں تو؟ بچوں کو نہ اسلام اختیار کرنے کے لیے فورس کیا جائے نہ کوئی دوسرا مذہب تو کیا مسئلہ حل نہ ہو جائے گا؟
ڈئیر مدثر بھائی
السلام علیکم ورحمۃ اللہ
ہمارا دین ہمیں تعصب نہیں سکھاتا اور نہ ہی دین کے معاملے میں کوئی جبر ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ کوئی انسان خلا میں نہیں جی سکتا۔ اگر میاں بیوی دونوں ہی بچے کی تربیت کسی بھی دین کے مطابق نہ کریں گے تو پھر اس کی شخصیت میں خلا رہ جائے گا۔ اس کے بعد یا تو وہ الحاد کی طرف مائل ہو جائے گا یا پھر دین کی اس کے نزدیک کوئی اہمیت نہ رہے گی۔ اس وجہ سے ہونا یہی چاہیے کہ بچے کی تربیت کسی بھی ایک دین کے مطابق کی جائے، پھر اسے یہ بھی بتا دیا جائے بڑے ہو کر اس نے خود تحقیق کر کے حق کو قبول کرنا ہے۔ اب مسئلہ یہ ہے کہ اگر باپ بچے کی تربیت اسلام کے مطابق کرنا چاہے اور ماں عیسائیت کے مطابق تو گھر میں عجیب مسئلہ پیدا ہو جائے گا۔ مسلم و غیر مسلم کی شادی میں یہ مسئلہ اکثر درپیش رہتا ہے اور اس کا حتمی حل ممکن نہیں ہے۔ اس وجہ سے میری رائے میں اس سے اجتناب کرنا چاہیے۔
قرآن مجید نے بھی اہل کتاب کی خواتین سے شادی کی اجازت جس سیاق و سباق میں دی ہے، وہ یہ تھا کہ جزیرہ نما عرب میں اسلام غالب ہو چکا تھا اور اہل کتاب مغلوب۔ ایسے میں اگر ان کی کسی خاتون سے شادی کی جاتی تو اس کا امکان نہ ہونے کے برابر تھا کہ ان کے ہاں کوئی جھگڑا پیدا ہوتا یا پھر بچہ الحاد کا شکار ہو جاتا۔ یہ اجازت سورۃ المائدہ میں عین اس مقام پر دی گئی ہے جب اسلام کی تکمیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس میں بھی شرط یہ رکھ دی گئی ہے کہ ان اہل کتاب کی خواتین سے شادی کرتے وقت مسلمان کو احسن انداز میں نکاح کا معاملہ کرنا چاہیے نہ کہ چوری چھپے آشنائی کا اور مسلمانوں کو اس بات کی تنبیہ بھی کر دی گئی ہے کہ ان خواتین سے شادی کرتے وقت اپنے ایمان کے معاملے پر انہیں کوئی کمپرومائز نہیں کرنا چاہیے۔
الْيَوْمَ أُحِلَّ لَكُمْ الطَّيِّبَاتُ وَطَعَامُ الَّذِينَ أُوتُوا الْكِتَابَ حِلٌّ لَكُمْ وَطَعَامُكُمْ حِلٌّ لَهُمْ وَالْمُحْصَنَاتُ مِنْ الْمُؤْمِنَاتِ وَالْمُحْصَنَاتُ مِنْ الَّذِينَ أُوتُوا الْكِتَابَ مِنْ قَبْلِكُمْ إِذَا آتَيْتُمُوهُنَّ أُجُورَهُنَّ مُحْصِنِينَ غَيْرَ مُسَافِحِينَ وَلا مُتَّخِذِي أَخْدَانٍ وَمَنْ يَكْفُرْ بِالإِيمَانِ فَقَدْ حَبِطَ عَمَلُهُ وَهُوَ فِي الآخِرَةِ مِنْ الْخَاسِرِينَ۔
آج کے دن تمہارے لیے پاکیزہ چیزیں اور اہل کتاب کا کھانا حلال کر دیا گیا ہے۔ تمہارے لیے ان کا کھانا حلال ہے جیسے ان کے لیے تمہارا۔ اور تمہارے لیے اہل ایمان اور تم سے پہلے اہل کتاب کی پاکیزہ خواتین (سے شادی کو حلال کر دیا گیا ہے) بشرطیکہ تم انہیں ان کے مہر ادا کرو، پاکیزہ طریقے سے حصار نکاح میں لاتے ہوئے نہ کہ بے محابا شہوت پرستی یا چوری چھپے آشنائی کرتے ہوئے۔ جو ایمان کے بعد کفر کرے تو اللہ اس کے اعمال کو ضائع کر دے گا اور آخرت میں وہ نقصان اٹھانے والوں میں ہو گا۔ (المائدہ 5:5)
امید ہے کہ اس سے بات واضح ہو جائے گی۔
والسلام
محمد مبشر نذیر
Don’t hesitate to share your questions and comments. They will be highly appreciated. I’ll reply as soon as possible if I know the answer. Send at mubashirnazir100@gmail.com.