انبیاء کرام علیہم السلام کے علاقے کون کون سے ہیں؟

سوال: السلام وعلیکم

دنیا میں جتنے بھی انبیاء بھیجے گئے، وہ سارے عرب دنیا ہی میں یعنی سعودی عرب، شام، لبنان، مصر، عراق وغیرہ میں بھیجے گئے۔ اس بارے میں آپ کچھ بتائیں گے۔ کیا اس وقت یہی ممالک آباد تھے یا دوسرے ممالک جیسے یورپ، امریکہ، آسٹریلیا، جاپان، چین میں بھی انسان آباد تھے؟ قرآن میں تقریباً 26-27  انبیاء کا ذکر کیا گیا ہے۔ آپ مجھے یہ بتائیں گے کہ وہ عرب کے کن کن ممالک میں پیدا ہوئے تھے؟ کچھ کا تو مجھے پتہ ہے اور کچھ کا نہیں پتہ۔ دنیا  میں سب سے زیادہ انبیاء کس سرزمین میں بھیجے گئے تھے؟

عبداللہ، سیالکوٹ، پاکستان

جواب: قرآن مجید میں جن انبیاءعلیہم السلام کا ذکر آیا ہے، وہ انہی علاقوں میں تشریف لائے۔ لیکن اس سے یہ نتیجہ اخذ نہیں کیا جا سکتا کہ دنیا کے باقی علاقوں میں کوئی نبی آیا ہی نہیں۔ عین ممکن ہے کہ ان علاقوں میں بھی نبی آئے ہوں۔ اگر ہندوستانی، چینی، جاپانی، قدیم یورپی اور ریڈ انڈین حضرات کے مذاہب کا مطالعہ کیا جائے  تو ان کے ہاں بھی توحید، رسالت اور آخرت کے تصورات کسی نہ کسی شکل میں ملتے ہیں اگرچہ ان کی حالت اب کافی مسخ شدہ ہے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ لوگ بھی بہرحال تاریخ کے کسی دور میں آسمانی ہدایت سے فیض یاب ہوئے تھے۔

انبیاء کے علاقوں سے متعلق سوال سوال تفصیلی جواب کا تقاضا کرتا ہے۔ اس ضمن میں اگر آپ سید ابو الاعلی مودودی کی تفہیم القرآن کا مطالعہ کر لیجیے تو آپ کو ہر نبی کے مقام پر تفصیلی گفتگو مل جائے گی۔ آغاز سورہ اعراف سے کیجیے، اس کے بعد سورہ ہود، یوسف ۔۔۔ کی تفسیر میں دیکھتے چلے جائیے۔ آج کل کے نقشے کے اعتبار سے مختصرا عرض کر دوں کہ سیدنا نوح علیہ الصلوۃ والسلام کا علاقہ جنوبی ترکی اور شمالی عراق پر مشتمل تھا۔ سیدنا ابراہیم کا علاقہ جنوبی عراق، پھر فلسطین اور عرب تھا۔ سیدنا ہود  کا عمان، سیدنا صالح کا شمالی سعودی عرب،  سیدنا اسماعیل کا مکہ، سیدنا اسحاق و یعقوب کا فلسطین، سیدنا یوسف کا فلسطین و مصر، سیدنا موسی کا مصر و فلسطین، سیدنا داؤو و سلیمان کا فلسطین، سیدنا شعیب کا شمالی سعودی عرب، جبکہ سیدنا زکریا، یحیی اور عیسی کا علاقہ فلسطین تھا۔  انبیاء بنی اسرائیل کا علاقہ فسلطین تھا جس میں موجودہ فلسطین، شام، اردن اور لبنان شامل ہیں۔ علیہم الصلوۃ والسلام

اس تفصیل سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ زیادہ تر انبیاء سرزمین فلسطین میں ہی بھیجے گئے تھے۔والسلام

محمد مبشر نذیر

Don’t hesitate to share your questions and comments. They will be highly appreciated. I’ll reply as soon as possible if I know the answer. Send at mubashirnazir100@gmail.com.

تعمیر شخصیت لیکچرز

انبیاء کرام علیہم السلام کے علاقے کون کون سے ہیں؟
Scroll to top