سوال: السلام علیکم۔ آپ کیسے ہیں؟ امین ہے کہ آپ خیریت سے ہوں گے۔ میں چند سوال پوچھنا چاہتا ہوں۔ کیا آپ مجھے ان سوالات کے جواب بتائیں گے؟
۔۔۔۔۔۔ حضرت یوسف علیہ الصلوۃ والسلام اور زلیخا کا قصہ قرآن میں ہے۔ میں یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا ان کی آپس میں شادی ہوئی تھی یا نہیں؟ کیونکہ قرآن میں تو ان کی شادی کا کوئی ذکر نہیں ملتا۔ جبکہ ایک تفسیر میں میں نے یہی پڑھا تھاکہ عزیز مصر کے مرنے کے بعد ان کی شادی ہوئی تھی۔ اس بارے میں کوئی حدیث بھی ہو تو بتائیے۔
۔۔۔۔۔۔ حضرت ابراہیم علیہ الصلوۃ والسلام کتنی عمر کے تھے جب بی بی ہاجرہ رضی اللہ عنہا کے ہاں اسماعیل علیہ الصلوۃ والسلام کی ولادت ہوئی؟
۔۔۔۔۔۔ زمزم کا معنی کیا ہے؟
۔۔۔۔۔۔ حجر اسود کا کیا مطلب ہے؟
۔۔۔۔۔۔ مکہ مکرمہ سے جبل نور کتنے فاصلے پر ہے؟
آپ کے جواب کا منتظر
عبداللہ، سیالکوٹ، پاکستان
جواب: ڈیئر عبداللہ
السلام علیکم و رحمۃ اللہ
آپ کے سوالات کے جواب یہ ہیں۔
۔۔۔۔۔۔ قرآن مجید اس بارے میں خاموش ہے کہ حضرت یوسف علیہ السلام کی شادی زلیخا سے ہوئی یا نہیں۔ میرے علم میں اس ضمن میں کوئی صحیح حدیث بھی نہیں ہے۔ جہاں تک تفاسیر کے اختلاف کا تعلق ہے تو یہ اس وجہ سے ہے کہ مفسرین نے ان واقعات کی مزید تفصیلات حاصل کرنے کے لئے سابقہ یہودی علماء جیسے کعب الاحبار علیہ الرحمۃ سے معلومات حاصل کیں اور جو کچھ ملا انہیں تفسیر کی کتابوں میں درج کر دیا۔ یہی وجہ ہے کہ تفسیر کی کتابوں میں اسرائیلی روایات کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ ان روایتوں کی جانچ پڑتال ایک مشکل کام ہے کیونکہ اس میں حقیقت کے ساتھ بہت سے قصے کہانیاں بھی شامل ہو گئی ہیں۔ چونکہ قدیم مفسرین جیسے امام طبری نے انہیں درج کر دیا ہے، اس وجہ سے بعد کی تفاسیر میں یہی روایتیں نقل در نقل منتقل ہوتی چلی گئیں۔
اسرائیلی روایات کی نسبت بائبل کا بیان نسبتاً زیادہ معتبر ہے۔ کتاب پیدائش باب 46 کے مطابق سیدنا یوسف علیہ السلام کی شادی مصر کے مذہبی راہنما فوطیفرع کی بیٹی آسناتھ سے ہوئی تھی۔ ان کے بطن سے آپ کے دو بیٹے افرائیم اور منسی پیدا ہوئے۔ جبکہ باب 39 میں یہ بیان ہے کہ جس خاتون نے آپ کو ورغلانے کی ناکام کوشش کی، وہ شاہی گارڈز کے کمانڈر انچیف کی بیوی تھی۔ اس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ ان کی شادی اس خاتون سے نہیں ہوئی۔
۔۔۔۔۔۔ قرآن مجید سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ سیدنا ابراہیم علیہ السلام اور ان کی ازواج کے ہاں بڑھاپے میں بیٹے پیدا ہوئے لیکن عمر درج نہیں ہے۔ بائبل کتاب پیدائش باب 16 کے مطابق سیدنا اسماعیل علیہ الصلوۃ والسلام کی پیدائش کے وقت آپ کی عمر مبارک 86 برس تھی۔ قرآن مجید کی روشنی میں یہ بیان درست معلوم ہوتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔ عربی میں زمزم کا معنی ہے کثرت۔ کسی بھی ڈکشنری میں دیکھ لیجیے۔
۔۔۔۔۔۔ حجر اسود کا معنی ہے سیاہ پتھر۔ اس کے بارے میں مختلف روایات ہیں۔ بعض کے مطابق یہ جنت سے آیا تھا اور بعض کے مطابق یہ کعبہ کی پہلی تعمیر کا ایک پتھر ہے۔
۔۔۔۔۔۔ آج کل تو مکہ پھیلتا پھیلتا جبل نور سے بھی کہیں آگے نکل گیا ہے۔ حرم شریف سے جبل نور کا فاصلہ میرے خیال میں آٹھ دس کلومیٹر ہو گا۔ تقریباً 10-15منٹ کی ڈرائیو ہے۔ مزید تفصیلات کے لئے آپ میرا سفر نامہ دیکھ سکتے ہیں۔
دعاؤں کی درخواست ہے۔
والسلام
محمد مبشر نذیر
Don’t hesitate to share your questions and comments. They will be highly appreciated. I’ll reply as soon as possible if I know the answer. Send at mubashirnazir100@gmail.com.