سوال: السلام علیکم مبشر صاحب! کیا حال ہے۔ مجھے کچھ سوال پوچھنے ہیں۔
قرآن مجید ایسی کتاب ہے جو ہر قسم کی تحریف اور غلطیوں سے پاک ہے اور قرآن مجید کی حفاظت کا ذمہ خود اللہ نے لیا ہے لیکن پھر بھی بعض غیر مسلم قرآن کو اس لئے پڑھتے ہیں کہ اس کوئی اعتراض یا غلطی نکالیں۔ ان کا مقصد قرآن میں غور و فکر کرنا نہیں ہوتا۔ صرف کوئی اعتراض ہی کرنا ہوتا ہے۔ ان کی اس بات کا کیا جواب دیا جائے؟
عبداللہ، سیالکوٹ، پاکستان
ڈئیر عبداللہ صاحب
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اللہ کا شکر ہے۔ آپ سنائیے کیا احوال ہیں۔ بڑی دیر بعد رابطہ ہوا۔ جوابات پیش خدمت ہیں۔
قرآن مجید یقیناً ہر قسم کی تحریف سے پاک ہے۔ اس کا ثبوت چودہ صدیوں سے موجود قرآن کے نسخے ہیں جن میں سوائے کتابت کی چھوٹی موٹی غلطیوں کے اور کوئی فرق نہیں ہے۔ یہ نسخے دنیا بھر کے میوزیمز میں دستیاب ہیں۔ اب تو بہت سے قدیم نسخوں کی کاپیاں انٹرنیٹ پر بھی دستیاب ہو چکی ہیں۔ سب سے قدیم نسخہ سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ کے زمانے کا ہے جو تاشقند کے میوزیم میں ہے۔ اس کی سافٹ کاپی انٹرنیٹ پر دستیاب ہے۔
http://www.islamic-awareness.org/Quran/Text/Mss/samarqand.html
https://drive.google.com/drive/u/0/folders/1t4LonZnX6kYGOewLs1KcaNrJZ8niPF0t
قرآن مجید کی حفاظت پر جو اعتراضات کیے جاتے ہیں، ان کی بنیاد کچھ جعلی روایات ہیں جن کی کوئی تاریخی حیثیت نہیں ہے۔ جو لوگ ایسا کرتے ہیں، ان کا مقصد دیگر غیر مسلموں کو اس سے بدظن کرنا ہی ہوتا ہے۔ مگر عیسائیوں اور یہودیوں میں بھی ایسے افراد کی کمی نہیں ہے جو بغیر کسی تعصب کے قرآن کا مطالعہ کرتے ہیں اور ان میں سے بہت سوں کو اللہ تعالی ایمان کی دولت بھی نصیب کرتا ہے۔ ان میں محمد اسد، مارماڈیوک پکتھال، مورس بوکائے جیسے اہل دانش شامل ہیں۔
جن مقامات پر اعتراض کیا جاتا ہے، ان کے جواب کے لئے ایک تفصیلی کتاب درکار ہے۔ یہ میرے طویل المیعاد منصوبے میں شامل ہے۔ انشاء اللہ جب لکھوں گا تو آپ کو اس کی کاپی بھیج دوں گا۔
والسلام
محمد مبشر نذیر
Don’t hesitate to share your questions and comments. They will be highly appreciated. I’ll reply as soon as possible if I know the answer. Send at mubashirnazir100@gmail.com.