سوال: سلام۔ بھائی مجھے آپ سے یہ پتہ کرنا تھا کہ کسی حدیث کی متابعات کو تلاش کرنے کا کیا طریقہ ہے؟ جیسے کوئی راوی کوئی حدیث بیان کرتا ہے۔ اب اس کا متابع ڈھونڈنا ہو گا جس استاذ سے اس نے روایت کی ہے، اس استاذ سے کسی اور راوی نے بھی وہی روایت نقل کی ہے۔ تو اس کو کیسے تلاش کیا جائے۔ تفصیل سے جواب دیجیے گا۔
عاطف احمد، حیدر آباد، پاکستان
ڈیئر عاطف بھائی
السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
بڑے دن بعد آپ سے رابطہ ہوا۔ کیا احوال ہیں؟
متابعات کی تلاش پہلے تو ایک مشکل کام تھا مگر آج کل بہت آسان ہو گیا ہے۔ اس کا آسان ترین طریقہ یہ ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔ حدیث میں کوئی کی ورڈ متعین کیجیے۔
۔۔۔۔۔۔۔ اگر آپ کے پاس تراث کا سافٹ وئیر ہے تو اس میں سرچ کر لیجیے۔ جتنے بھی طرق سے وہ حدیث مروی ہو گی، آپ کو مل جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔ علامہ البانی کا سافٹ ویئر اگر آپ کے پاس ہے، اس میں سرچ کر لیجیے۔
۔۔۔۔۔۔۔ انٹرنیٹ پر سرچ ایبل حدیث ڈیٹا بیسز موجود ہیں۔ وہاں سرچ کر لیجیے۔
http://www.islamweb.net/hadith/index.php
۔۔۔۔۔۔۔ ان سب کے علاوہ حدیث کے تمام مجموعات پر ورڈ فارمیٹ میں موجود ہیں، ان میں سرچ کر لیجیے۔
http://www.almeshkat.net/books/index.php
جو جو احادیث ملیں، انہیں ایک فائل میں کاپی پیسٹ کرتے جائیے۔ اس کے بعد سند یا متن کے اختلافات کا مطالعہ کر لیجیے۔ اس مقصد کے لئے میں مائیکرو سافٹ ایکسل کو استعمال کرتا ہوں۔ اس میں آپ راویوں اور ان کے اساتذہ کا آسانی سے تجزیہ کر سکتے ہیں۔ ہر راوی کو ایک الگ سیل میں رکھیے۔ اس سے آپ کو معلوم ہو جائے گا کہ ایک شیخ سے کتنے راوی اس حدیث کو روایت کرتے ہیں۔
والسلام
محمد مبشر نذیر
السلام علیکم
بھائی مجھے جو تراث اور علامہ البانی کے سافٹ وئیر بتائے ہیں، میرے پاس نہیں ہیں۔ اگر آپ کے پاس ہیں تو مجھے میل کر دیجیے یا مجھے سائٹ بتا دیں۔ میں انشاء اللہ ڈاؤن لوڈ کر لوں گا۔ آپ نے جو سائٹس بتائی ہیں، ان میں حدیث کے طرق سرچ کیسے کروں؟ ان میں تو صرف حدیث کی کتب ہیں ۔ اور مجھے اردو فانٹ بھی اپنے پی سی پر انسٹال کرنا ہیں، اس کا ریفرنس بھی بھیجیے۔
عاطف احمد، حیدر آباد، پاکستان
ڈیئر عاطف بھائی
السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
ارے بھائی یہ کیا بے مروتی ہوئی کہ اتنے عرصے بعد رابطہ ہوا اور بغیر سلام دعا، حال احوال کے سیدھا سوال دے مارا۔ برا نہ مانیے گا، مذاق کر رہا تھا۔
البانی صاحب کا سافٹ وئیر اس لنک پر دستیاب ہے۔
http://www.saaid.net/book/open.php?cat=95&book=2119
تراث کا سافٹ ویئر بلاقیمت دستیاب نہیں ہے۔ یہ کافی مہنگا ہے۔
ان سافٹ ویئر کی بجائے میں ورڈ فائلوں میں سرچ کو ترجیح دیتا ہوں۔ یہ سب مکتبہ مشکوۃ پر دستیاب ہیں۔ میرے ایک دوست عامر گزدر صاحب کراچی میں ہوتے ہیں۔ ان کے پاس دینی سافٹ ویئر اور الیکٹرانک کتابوں کا بڑا ذخیرہ ہے۔ کبھی چکر لگے تو ان سے مل لیجیے۔ اگر آپ کہیں تو ان سے آپ کا رابطہ کروا دیتا ہوں۔
الدرر السنیہ اور اسلام ویب میں موسوعۃ الحدیث کے نام سے ایک سیکشن موجود ہے جو آپ کو سامنے ہی نظر آ جائے گا۔ اس میں بحث کے عنوان سے ایک باکس ہو گا۔ اس میں کی ورڈ ٹائپ کیجیے۔ جس جس حدیث میں یہ کی ورڈ ہو گا، وہ نکل کر آپ کے سامنے آ جائے گی۔ ٹیسٹ کرنے کے لئے الفاظ كتاب الله یہیں سے کاپی پیسٹ کر لیجیے۔ یہ الفاظ میں نے عربی میں لکھے ہیں۔
اگر آپ کے کمپیوٹر میں عربی انسٹال نہیں ہے تو کر لیجیے۔ کسی بھی آئی ٹی کے ماہر سے کہیے، وہ عربی اور اردو دونوں انسٹال کر دے گا۔ اگر آپ کے پاس ونڈوز کی سی ڈی ہے تو آپ خود بھی کر سکتے ہیں۔
دعاؤں کی درخواست ہے۔
والسلام
محمد مبشر نذیر
Don’t hesitate to share your questions and comments. They will be highly appreciated. I’ll reply as soon as possible if I know the answer. Send at mubashirnazir100@gmail.com.