سوال: اگر کوئی عیسائی شخص فوت ہو جائے تو جب اس کی فوتگی کا پتا چلے تو کیا اس پر إِنَّا لِلّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعونَ پڑھ سکتے ہیں؟ اور کیا اس کو مسلمان دفنا بھی سکتے ہیں؟
جواب: وفات کے وقت ہم جو کہتے ہیں انا للہ و انا الیہ راجعون تو اس کا معنی دیکھ لیجیے۔ اس کا مطلب ہے کہ ہم بھی اللہ کے لئے ہیں اور ہمیں بھی اسی کے پاس پہنچ جانا ہے۔ ظاہر ہے کہ یہ جملہ تمام انسانوں پر ویلڈ ہے خواہ وہ مسلمان ہوں یا غیر مسلم۔ اسی طرح دفنا دینے کا معاملہ بھی تمام انسانوں پر ہے۔ دین میں کہیں کوئی پابندی نہیں کی گئی کہ کسی غیر مسلم کو دفن نہیں کر سکتے۔ اس لیے اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے زمانے میں بھی غیر مسلم رہتے تھے تو ان کے رشتہ دار خواہ صحابہ کرام ہی ہوں تو وہ دفن کرتے تھے ۔ مدینہ منورہ میں بقیع قبرستان ہی میں تمام لوگوں کو دفن کیا جاتا تھا خواہ وہ ایمان لا چکے یا غیر مسلم تھے۔
سوال: اگر کسی غیر مسلم لڑکے کو کسی مسلمان لڑکی سے محبت ہو جاتی ہے اور وہ دونوں آپس میں شادی کیلئے راضی ہیں اور لڑکی کے والدین بھی راضی ہیں، لیکن لڑکا چونکہ غیر مسلم ہے اس کیلئے لڑکی اس صورت میں لڑکے سے شادی نہیں کرسکتی اگر لڑکا مسلمان ہوجائے تو پھر لڑکی شادی کریگی، اور پھر لڑکا اس مقصد کیلئے مسلمان ہوجاتا ہے۔کیا اس مقصد کیلئے مسلمان ہونا درست ہے ؟
جواب: جی ہاں۔ قرآن مجید میں ہمیں یہی حکم دیا گیا ہے کہ غیر مسلموں سے شادی نہیں کرنی ۔ اس لیے مسلمانوں ہی میں شادی ہو سکتی ہے۔ اگر غیر مسلم لڑکا، خلوص کے ساتھ ایمان قبول کر لے تو اس سے شادی بالکل درست ہے۔ مسلمان لڑکوں کو اہل کتاب لڑکیوں سے شادی کی اجازت دی، لیکن اس صورتحال میں جب اسے ایمان پر قائل ہونے کی امید پیدا ہو چکی ہو۔ اصل یہ بہت اہم پہلو ہے کہ جو لڑکا یا لڑکی ایمان لا رہی ہو تو یہ ضرور غور کرنا چاہیے کہ وہ ایمان پر سچ مچ خلوص کے ساتھ ہیں یا محض شادی کے لیے مجبوراً مسلمان ہونے کا اعلان کر رہا ہے؟
دیکھیے سورۃ المائدہ میں حکم ہے۔
الْيَوْمَ أُحِلَّ لَكُمُ الطَّيِّبَاتُ وَطَعَامُ الَّذِينَ أُوتُوا الْكِتَابَ حِلٌّ لَكُمْ وَطَعَامُكُمْ حِلٌّ لَهُمْ وَالْمُحْصَنَاتُ مِنَ الْمُؤْمِنَاتِ وَالْمُحْصَنَاتُ مِنَ الَّذِينَ أُوتُوا الْكِتَابَ مِنْ قَبْلِكُمْ إِذَا آتَيْتُمُوهُنَّ أُجُورَهُنَّ مُحْصِنِينَ غَيْرَ مُسَافِحِينَ وَلَا مُتَّخِذِي أَخْدَانٍ وَمَنْ يَكْفُرْ بِالْإِيمَانِ فَقَدْ حَبِطَ عَمَلُهُ وَهُوَ فِي الْآخِرَةِ مِنَ الْخَاسِرِينَ۔
تمام پاکیزہ چیزیں اب آپ کے لیے حلال طے کر دی گئی ہیں۔(چنانچہ) اہل کتاب کا کھانا آپ کے لیے حلال ہے (بشرطیکہ انہوں نے تورات شریعت کے مطابق ذبح کیا ہو) اور آپ کا کھانا اُن کے لیے حلال ہے۔اِسی طرح (شرک و توحید کے حدود بھی واضح ہو گئے ہیں، لہٰذا) مسلمانوں کی پاک دامن خواتین آپ کے لیے حلال ہیں اور اُن لوگوں کی پاک دامن خواتین بھی حلال ہیں جنہیں آپ سے پہلے کتاب دی گئی، بشرطیکہ آپ اُن کے مہر انہیں ادا کر دیتے ہیں ۔اِس شرط کے ساتھ کہ آپ بھی پاک دامن رہنے والے ہوں، نہ بدکاری کرنے والے اور نہ چوری چھپے آشنائی کرنے والے۔(اپنے ایمان کو، البتہ ہر حال میں خالص رکھیں اور جانتے رہیں کہ) جو ایمان کے منکرہوں گے، اُن کی سب محنت ضائع ہو گئی اور قیامت کے دن وہ نامرادوں میں سے ہوں گے۔ (المائدہ:5)
Ask your questions and we will give answer through email at mubashirnazir100@gmail.com.