بِسمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ

Allah, in the name of, the Most Affectionate, the Eternally Merciful

Islamic Studies Program

Knowing is not enough, we must apply!

علوم اسلامیہ پروگرام

علم کافی نہیں ہے، اسے استعمال کرنا ضروری ہے

Search the Website New

اردو اور عربی تحریروں  کو بہتر دیکھنے کے لئے نسخ اور نستعلیق فانٹ یہاں سے ڈاؤن لوڈ کیجیے

New articles and books are added this website on 1st of each month.

Home

علم فقہ پروگرام

تفصیلی تعارف

 

 

اگر آپ سوال جواب کے لیے آن لائن استاذ کی بلا معاوضہ خدمات سے استفادہ کرنا چاہیں تو رجسٹریشن فارم حاصل کرنے کے لیے یہاں کلک کیجیے۔

 

Religion & Ethics

Personality Development

Islamic Studies

Quranic Arabic Learning

Adventure & Tourism

Risk Management

Your Questions & Comments

Urdu & Arabic Setup

About the Founder

تعارف

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

دین کا ماخذ قرآن و سنت ہے۔ جس وقت قرآن و سنت میں  بیان کردہ احکام کو سمجھ کر ان کا اطلاق زندگی میں پیش آنے مسائل پر کیا جا تا ہے تو اس سے علم فقہ وجود میں آتا ہے۔ لفظ ’’فقہ‘‘ کا مطلب ہے سمجھنا اور علم فقہ کے ماہر  کو ’’فقیہ (جمع فقہا)‘‘ کہا جاتا ہے۔ جب ایک فقیہ کے سامنے عملی زندگی کا کوئی سوال درپیش ہوتا ہے اور وہ اس معاملے میں دین سے راہنمائی حاصل کرنا چاہتا ہے تو وہ قرآن و سنت میں غور و فکر کرتا ہے اور ان کے احکام کی روشنی میں اس مسئلے کا حل  تلاش کرتا ہے تو اس کے نتیجے میں ’’علم فقہ‘‘ وجود پذیر ہوتا ہے۔ عہد رسالت سے لے کر آج تک ایک عظیم فقہی روایت مسلمانوں کے ہاں موجود رہی ہے اور فقہا نے  اس میں بے شمار کتابیں تصنیف کی ہیں جن میں سے بہت سی کتب بیسیوں جلدوں پر مشتمل ہیں۔  علم فقہ کا تعلق پریکٹیکل زندگی سے ہے۔

’’مطالعہ فقہ پروگرام‘‘ کا  مقصد یہ ہے کہ ہم امت مسلمہ کے اس عظیم ذخیرے سے واقفیت حاصل کریں۔ یہاں ہم یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ اگر آپ علمی کتب کے مطالعے کا ذوق نہ رکھتے ہوں  اور کتابوں کی موٹائی آپ کو خوفزدہ کر دیتی ہو تو پھر یہ پروگرام آپ کے لئے نہیں ہے۔ اس پروگرام کے مخاطب وہی لوگ ہیں جن میں مطالعے کا زبردست رجحان پایا جاتا ہو۔  اگر آپ نے اپنی زندگی کا مقصد اللہ کے دین کی علمی خدمت کو بنا لیا ہے تو پھر آپ کو کتابوں سے تعلق قائم کرنا ہو گا۔  مطالعے کا ذوق اپنے اندر پروان چڑھانا ہو گا،  ذہن کو تجزیاتی  مطالعے کا عادی بنانا ہو گا اور کھلے ذہن کے ساتھ دیگر لوگوں کے علمی کام کا تنقیدی مطالعہ کرنا ہو گا۔ اس کا اجر آپ کو آخرت میں اللہ تعالی کی رضا کی صورت میں ضرور ملے گا اور جنت میں آپ کا مقام عام لوگوں سے کہیں بلند ہو گا، ان شاء اللہ۔

مطالعہ فقہ پروگرام کی تیاری ہمارے کولیگ محترم محمد شکیل عاصم صاحب اور راقم الحروف نے مل کر کی ہے۔ پہلا ماڈیول شکیل صاحب کا تیار کردہ ہے جبکہ بقیہ ماڈیولز ہم دونوں نے مل کر تیار کیے ہیں۔

مطالعہ فقہ پروگرام کا اسٹرکچر

دین کے ایسے طالب علم جو علم اور ذہانت کے اعتبار سے مختلف  سطح پر ہوں، ان کی ضروریات مختلف ہوتی ہے۔  طالب علموں میں اس فرق کو مدنظر رکھتے ہوئے اس پروگرام کو آٹھ ماڈیولز میں تقسیم کیا گیا ہے:

·       ماڈیول FQ01: اس ماڈیول میں ہم دین کے بنیادی احکام کا مطالعہ کریں گے۔ یہ وہ احکام ہیں جو ایک عام مسلمان کی ضرورت ہیں۔ اس کا مطالعہ ہر مسلمان کو کرنا چاہیے اور اس غیر مسلم کو بھی جو اسلام کے پریکٹیکل پہلو سے واقفیت حاصل کرنا چاہتا ہو۔

·       ماڈیول  FQ02: یہ ماڈیول انٹرمیڈیٹ لیول کا ہے اور اس میں ہم مختلف فقہی مکاتب فکر کے دینی مسائل میں نقطہ ہائے نظر کا تقابلی مطالعہ کریں گے۔

·       ماڈیول FQ03: اس ماڈیول میں ہم فن ’’اصول فقہ‘‘ کے بنیادی مباحث کا مطالعہ کریں گے۔ اصول فقہ میں وہ پروسیجر زیر بحث آتے ہیں جن کی مدد سے قرآن و سنت کو سمجھ کر علم فقہ مرتب کیا جاتا ہے۔

·       ماڈیول FQ04-06: ان تین ماڈیولز میں نہایت تفصیل کے ساتھ وہ فقہی مسائل زیر بحث آئیں گے جو کہ دور جدید میں انتہائی اہمیت اختیار کر گئے ہیں اور فقہا کی اصطلاح میں انہیں ’’جدید فقہی مسائل‘‘ کہا جاتا ہے۔ ان ماڈیولز  میں ہم مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے فقہا کے نقطہ ہائے نظر کو ان کے بیان کردہ دلائل کی روشنی میں سمجھیں گے۔ 

·       ماڈیول FQ07: یہ ماڈیول علم اصول فقہ اور تاریخ فقہ کے اعلی ترین مباحث پر مشتمل ہو گا۔

آپ کے ذہن میں یہ سوال ضرور پیدا ہو رہا ہو گا کہ جب علم فقہ پر بہت سی کتب موجود ہیں تو پھر اس کورس کی ضرورت کیا ہے؟ یہ درست ہے کہ اس موضوع پر بہت سی کتب موجود ہیں جن کا مطالعہ آپ جب چاہے، خود بھی کر سکتے ہیں۔ تاہم اس کورس میں شمولیت سے آپ کو کچھ اضافی فوائد حاصل ہوں گے:

·       اس کورس میں شمولیت سے آپ کو ایک استاذ کی خدمات حاصل رہیں گی جس سے آپ اپنے ذہن میں پیدا ہونے والے سوالات ڈسکس کر سکیں گے۔

·       عام طور پر فقہی کتب، قدیم اور مشکل اسلوب میں لکھی جاتی ہیں۔ ان میں جدید ذہن رکھنے والے قارئین کا خیال نہیں رکھا جاتا ہے۔ اس سیریز میں فقہی مباحث کو دور جدید کے آسان اسلوب میں بیان کیا گیا ہے۔

·       عام فقہی کتب میں صرف احکام بیان کر دیے جاتے ہیں، ان کی حکمت و فلسفہ بیان نہیں کیا جاتا۔ اس سیریز میں آپ کو فقہی احکام کے ساتھ ساتھ اس کی حکمت، فلسفہ، منطق (Logic) اور دلائل بھی ملیں گے۔ اس کورس کو اس طریقے سے ڈیزائن کیا گیا ہے کہ آپ کو فقہا کے طریق استدلال سے واقفیت حاصل ہو سکے گی۔

·       اس کورس میں ہماری کوشش ہو گی کہ  آپ کی فقہی صلاحیتوں کو جلا بخشی جائے اور اس کورس کے اختتام پر آپ اس پوزیشن میں ہوں کہ مختلف فقہا کی آرا اور دلائل کا جائزہ لے کر اپنی رائے قائم کر سکیں۔

·       عام طور پر فقہی کتب کسی خاص مسلک اور مکتب فکر کے مطابق لکھی جاتی ہیں۔ اس پروگرام میں ہم نے کوشش کی ہے کہ مسلمانوں کے تمام مکاتب فکر کو اپنی مشترکہ علمی میراث سمجھتے ہوئے ان کا تقابلی مطالعہ کروایا جائے اور ان کے دلائل کو پرکھ کر صحیح رائے تک پہنچنے کی تربیت دی جائے۔

مطالعہ فقہ پروگرام کے مقاصد

اس پروگرام کے مقاصد یہ ہیں:

·       علم فقہ سے واقفیت

·       علم اصول فقہ اور فقہ کے تاریخی ارتقا سے واقفیت

·       جدید فقہی مسائل کا مفصل مطالعہ

·       قرآن و سنت کے سانچے میں اپنی زندگیوں کو ڈھالنے کی تربیت

مطالعے کا طریق کار

علم التعلیم کے میدان میں ہونے والی مختلف تحقیقات سے یہ بات ثابت ہوئی کہ عام ذہانت کا حامل انسان جو کچھ سنتا  ہے ، وہ اس کا 30 سے 40 فیصد یاد رکھتا ہے؛ جو کچھ وہ دیکھتا ہے، اس کا 60 تا 70فیصد اس کے ذہن میں راسخ ہو جاتا ہے اور جو کچھ وہ عملاً کرتا ہے، اس کا  80 سے 90 فیصد وہ سیکھ لیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے اس پروگرام میں ایسا طریقہ اختیار کیا ہے جس میں طالب علم کو فقہ پر عملی کام کرنا پڑے۔ ہر باب کے اختتام پر اسائن منٹس دی گئی ہیں ۔ اپنے جوابات کے لئے ایک اسائنمنٹ بک تیار کیجیے۔  بہتر ہو گا کہ آپ یہ سب کسی ورڈ فائل میں لکھیے۔ بصورت دیگر آپ ہارڈ کاپی کی صورت میں بھی اپنے جوابات لکھ سکتے ہیں۔  

ایڈمیشن کی شرائط اور کورس کا طریقہ کار

اس کورس کا مقصد آپ کو ذاتی سطح پر (Personalized)تعلیمی خدمت فراہم کرنا ہے۔  ایڈمیشن کا طریقہ کار بالکل سادہ ہے۔ اس لنک پر موجود ایڈمیشن فارم پر کر لیجیے۔  

http://www.islamic-studies.info/?page_id=1209

آپ کا فارم ملنے کے بعد جلد از جلد آپ کو کورس بکس اور متعلقہ استاذ کا ای میل ایڈریس فراہم کر دیا جائے گا۔ روزانہ بنیادوں پر آپ کو ایک باب کا از خود مطالعہ کرنا ہو گا اور اس ضمن میں جو سوالات پیدا ہوں، انہیں بذریعہ ای میل اپنے استاذ کے سامنے پیش کرنا ہو گا۔  اگر ضرورت محسوس ہوئی تو آپ بذریعہ Skype یا Gmail آن لائن رابطہ کر کے بھی اپنے سوالات ڈسکس کر سکیں گے۔ آپ کا استاذ سے ون ٹو ون تعلق اس کورس میں نہایت ہی اہمیت کا حامل ہو گا۔

ہر ہفتے، آپ کو ایک پراگریس رپورٹ بھیجنا ہو گی جس میں اس ہفتے میں کیے گئے مطالعے کی تفاصیل فراہم کرنا ہوں گی۔ جیسے ہی آپ ایک ماڈیول ختم کریں گے، ایک مختصر سا امتحان لیا جائے گا جس کے بعد آپ اگلے ماڈیول کا آغاز کریں گے۔

پروگرام کی فیس

اس پروگرام میں شرکت کی فیس یہ ہے کہ آپ جو رقم ہر ماہ آسانی سے نکال سکیں، وہ آپ اپنے قریب کسی ایسے ضرورت مند شخص کو ادا کریں گے، جو کہ پیشہ ور بھکاری نہ ہو بلکہ محنت و مشقت کرتا ہو مگر اس کے اخراجات پورے نہ ہو پاتے ہوں۔ اپنی پراگریس رپورٹ میں ہر ماہ آپ یہ کنفرمیشن دیں گے  کہ آپ نے فیس ادا کر دی ہے۔

اللہ تعالی ہم سب کو دین کا صحیح فہم  عطا فرمائے ۔

محمد مبشر نذیر

ربیع الاول 1434/ جنوری 2013

 

اگر آپ سوال جواب کے لیے آن لائن استاذ کی بلا معاوضہ خدمات سے استفادہ کرنا چاہیں تو رجسٹریشن فارم حاصل کرنے کے لیے یہاں کلک کیجیے۔

 

ماڈیول FQ01 کی کتاب ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کیجیے۔

بقیہ ماڈیولز کی تیاری میں ابھی کچھ عرصہ لگے گا۔

 

 

مصنف کی دیگر تحریریں

قرآنی عربی پروگرام  /  سفرنامہ ترکی  /    مسلم دنیا اور ذہنی، فکری اور نفسیاتی غلامی  /  اسلام میں جسمانی و ذہنی غلامی کے انسداد کی تاریخ   /  تعمیر شخصیت پروگرام  /  قرآن  اور بائبل  کے دیس میں  /  علوم الحدیث: ایک تعارف   /  کتاب الرسالہ: امام شافعی کی اصول فقہ پر پہلی کتاب کا اردو ترجمہ و تلخیص  /  اسلام اور دور حاضر کی تبدیلیاں   /  ایڈورٹائزنگ کا اخلاقی پہلو سے جائزہ    /  الحاد جدید کے مغربی اور مسلم معاشروں پر اثرات   /  اسلام اور نسلی و قومی امتیاز   /  اپنی شخصیت اور کردار کی تعمیر کیسے کی جائے؟  /  مایوسی کا علاج کیوں کر ممکن ہے؟  /  دور جدید میں دعوت دین کا طریق کار   /  اسلام کا خطرہ: محض ایک وہم یا حقیقت    /  Quranic Concept of Human Life Cycle  /  Empirical Evidence of God’s Accountability

 

Description: Description: Description: Description: Description: customizable counter