ٹویوٹا موٹر کمپنی جاپان کی ایک کار بنانے والی کمپنی ہے۔ پچھلے تقریباً 30 سال میں کام کا ایک دن ضائع کیے بغیراس نے اپنا پیداواری عمل جاری رکھا ہے۔ یہ صرف ایک مثال ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ جاپان میں صنعتی ترقی کی اتنی تیزرفتاری کی وجہ کیا ہے۔ امریکہ کی جنرل موٹرز کارپوریشن اور فورڈ موٹر کمپنی دنیا کی سب سے بڑی موٹر ساز کمپنیاں سمجھی جاتی ہیں۔ مگرامریکہ کی ان کمپنیوں میں سالانہ پیداوار کا اوسط فی مزدور 11 کاریں ہیں۔ جب کہ جاپان کی مذکورہ موٹر کمپنی میں سالانہ پیداوار کا اوسط فی مزدور 33 کاریں ہیں۔
ایک کامیاب انسان بننے کی کوشش سے زیادہ اہم یہ ہے کہ ایک پختہ کردار کا انسان بننے کی کوشش کی جائے۔ البرٹ آئن اسٹائن |
جاپان کی اس غیرمعمولی صنعتی ترقی کا راز اس کے مزدور ہیں۔ جاپانی مزدور کا تعمیری مزاج جاپان کی سب سے بڑی دولت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جاپان میں اگرچہ کوئلہ، لوہا، پٹرول اور دوسری دھاتیں یا تو بالکل پیدا نہیں ہوتیں یا بہت کم پیدا ہوتی ہیں، اس کے باوجود جاپان کی صنعتی ترقی کی رفتاردنیا میں سب سے زیادہ ہے۔ جاپانی مزدورکے مزاج میں وہ کون سی بات ہے جو جاپان کے لیے سب سے بڑی دولت بن گئی ہے۔ ایک مبصر کے الفاظ میں وہ حسب ذیل ہے:
A national spirit of compromise and co-operation and a willingness to endure short-term setbacks for the long-term good of the nation, company or a family
جاپانیوں کی یہ قومی سیرت کہ وہ ہمیشہ مصالحت اورتعاون کے لیے تیاررہتے ہیں۔ قوم یا کمپنی یا خاندان کے وسیع تر مفاد کی خاطر وہ وقتی نقصان کو سہنے کے لیے راضی ہو جاتے ہیں۔
کسی قوم کی تعمیر میں سب سے اہم چیز اس کے افراد کا مزاج ہے۔ افراد کا مزاج اگر بگڑا ہوا ہے تو قوم کو تباہ ہونے سے کوئی چیز نہیں بچا سکتی اور اگر افراد کا مزاج درست ہے تو ایسی قوم ضرور کامیاب ہو کر رہتی ہے خواہ اس کے دشمنوں کی تعداد کتنی ہی زیادہ کیوں نہ ہو۔
قوم کی تعمیر میں افراد کا درجہ وہی ہے جو کسی عمارت میں اینٹوں کا ہے۔ کچی اینٹوں سے بنی ہوئی عمارت ایک بے اعتبار عمارت ہوتی ہے۔ کوئی بھی حادثہ اسے گرا سکتا ہے۔ اس کے برعکس جو عمارت پختہ اینٹوں سے بنی ہوئی ہو اس پر بھروسہ کیا جاسکتا ہے۔ وہ سیلاب اورطوفان کے علی الرغم زمین پر کھڑی رہتی ہے۔ ہر آندھی جو آتی ہے وہ اس سے ٹکرا کر واپس چلی جاتی ہے، وہ اس کا کچھ بگاڑنے میں کامیاب نہیں ہوتی۔
(مصنف: وحید الدین خان)
اسلام اور دور حاضر کی تبدیلیاں اس تحریر میں مصنف نے دور حاضر میں وقوع پذیر ہونے والی نفسیاتی، عمرانی، ثقافتی، سیاسی، معاشی اور تکنیکی تبدیلیوں کا جائزہ لیتے ہوئے اسلام کے نقطہ نظر سے ان پر بحث کی ہے۔ ان قارئین کے لئے جو دنیا کے مستقبل سے دلچسپی رکھتے ہوں۔ |
آپ کے سوالات اور تاثرات دیگر قارئین کے لئے مفید ہو سکتے ہیں۔ اپنے تجربات دوسرے قارئین تک پہنچانے کے لئے ای میل کیجیے۔ mubashirnazir100@gmail.com |
غور فرمائیے
اپنی قوم کا جاپانی قوم سے حقیقت پسندانہ تجزیہ کیجیے۔ جاپانی قوم کے مقابلے میں آپ کی قوم میں کیا خوبیاں اور کیا خامیاں پائی جاتی ہیں، تفصیل سے بیان کیجیے۔