اسلام علیکم ورحمتہ اللہ
کیا اسماء الرجال پر ایسی کوئی کتاب اردو میں موجود ہے جس میں راویت کرنے والوں کے حالات کے بارے میں معلومات دی گئی ہوں اور اس بحث کے نتیجہ میں ان راویوں میں سے ثقہ اور ضعف کی نشان دہی کی گئی ہو۔
ایک اور سوال پوچھنا چاھتا ہوں، وہ یہ ہے کے حدیث کی دو اور کتابیں ہیں ترمذی اور مشکوٰۃ مصابیح۔ ان کا درجہ کیا ہے حدیث کے معاملہ میں؟اور یہ کب لکھی گئی ہیں اور ان کو کن لوگوں نے لکھا ہے اور وہ درجہ کے حساب سے کسے ہیں؟
والسلام
محمد جاوید اختر
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ
اردو میں راویوں کے تفصیلی حالات پر کوئی کتاب میرے علم میں نہیں ہے۔ ہاں خاص خاص صحابہ اور تابعین کے حالات زندگی پر کتب ملتی ہیں جو انہی کتب رجال سے ماخوذ ہوتی ہیں۔ ان کا مقصد بھی راوی کی چھان بین نہیں بلکہ ان کے حالات زندگی کو سبق سیکھنے کے لیے بیان کرنا ہوتا ہے۔ انشاء اللہ جیسے ہی آپ علوم سیرت کا مطالعہ شروع کریں گے تو میں آپ کو ان میں سے کچھ کتابیں کر دوں گا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ جن لوگوں کو اسماء الرجال میں کام کرنا ہوتا ہے، وہ عربی سے پہلے ہی واقف ہوتے ہیں۔
ترمذی درجہ دوم میں آتی ہے جو کہ بخاری، مسلم اور موطاء کے بعد کا درجہ ہے۔ اس میں صحیح و ضعیف ہر طرح کی احادیث ہیں اور علامہ البانی نے کچھ عرصہ پہلے انہیں الگ کر دیا ہے۔ امام ترمذی کا سن وفات 279ھ ہے اور ان کا تعلق موجودہ ازبکستان کے شہر ترمذ سے تھا۔ البانی کا کام اس لنک پر موجود ہے۔
http://www.waqfeya.com/book.php?bid=1324
مشکاۃ کتب حدیث کسی درجے میں نہیں آتی کیونکہ یہ اس طرح کا احادیث کا مجموعہ نہیں ہے جیسے اور ہیں۔ یہ ان مجموعوں میں سے ایک انتخاب ہے اور اپنی تعلیمی اہمیت کی وجہ سے بہت مقبول رہا ہے۔ اس کے مصنف خطیب تبریزی تھے جو ایران کے شہر تبریز سے تعلق رکھتے تھے اور 502ھ میں فوت ہوئے۔ انہوں نے ہر باب کی تین فصلیں بنائیں۔ پہلی فصل میں صرف وہ احادیث درج کیں جو درجہ اول کی کتب میں تھیں۔ دوسری فصل میں درجہ دوم اور تیسری فصل میں تیسرے اور چوتھے درجے کی کتب حدیث سے احادیث نقل کیں۔ ان کی کتاب کا مقصد شاید یہ تھا کہ طلباء و طالبات کو ایک نصابی کتاب فراہم کر دی جائے جس میں صحیح و حدیث ہر قسم کی احادیث ہوں اور وہ ان پر کام کر کے علوم حدیث میں اپنی پریکٹس کر لیں۔ علامہ البانی نے اس پر بھی کام کر کے صحیح و ضعیف روایات کو الگ کر دیا ہے۔ ان کا یہ کام اس لنک پر دستیاب ہے۔
http://www.waqfeya.com/book.php?bid=708
آپ اگر کچھ نہ کچھ عربی سمجھنے لگے ہیں تو مکتبہ وقفیہ سے یہ سب کتب ڈاؤن لوڈ کر کے اپنی لائبریری بنانا شروع کر دیجیے۔
والسلام
محمد مبشر نذیر
Don’t hesitate to share your questions and comments. They will be highly appreciated. I’ll reply as soon as possible if I know the answer. Send at mubashirnazir100@gmail.com.