السلام علیکم! میرا نام ادریس احمد ہے اور میں ڈیرہ غازی خان میں رہتا ہوں، عمر ۱۹ سال ہے۔ سر میرا آپ سے یہ سوال ہے کہ ایک عام انسان کو ایسا کیا کرنا چاہیے کہ اسے دنیا اور آخرت میں کامیابی ملے؟
ڈئیر ادریس صاحب
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
آپ کی میل سے خوشی ہوئی کہ آپ اس عمر میں زندگی کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔ اللہ تعالی آپ کے معاملات میں برکت دے۔ جہاں تک آپ کے سوال کا تعلق ہے، تو اس معاملے میں اللہ تعالی کا بنیادی مطالبہ ایک ہی ہے، اور وہ یہ کہ اپنی شخصیت اور کردار کو اللہ تعالی کے احکام کے مطابق پاکیزہ بنایا جائے۔ اسی پر دنیا اور آخرت کی کامیابی کا انحصار ہے۔ اسے تزکیہ نفس کہا جاتا ہے۔
ایک مثال سے وضاحت کرتا ہوں۔ فرض کیجیے کہ آپ کسی دکاندار سے کچھ مال لیتے ہیں اور اسے پوری ادائیگی کرتے ہیں۔ بعد میں آپ کو معلوم ہوتا ہے کہ اس نے پورے پیسے لے کر بھی آپ کو صحیح مال نہیں دیا تو اس کے بارے میں آپ کا تاثر کیا ہو گا؟ کیا آپ دوبارہ اس کے پاس جائیں گے؟ اگر وہ دکاندار اکثر لوگوں سے بے ایمانی کرے گا تو تھوڑے ہی دنوں میں اس کا کاروبار ٹھپ ہو جائے گا۔ اس طرح وہ آخرت کے ساتھ ساتھ اپنی دنیا بھی تباہ کر لے گا۔ اس کے برعکس دیانت دار تاجر دنیا میں بھی کامیاب ہو گا اور آخرت میں بھی۔ اعلی اخلاق ہی دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہیں۔
اس ضمن میں آپ کو میری ویب سائٹ پر تعمیر شخصیت پروگرام سے مدد ملے گی۔
اگر آپ کے ذہن میں کوئی اور سوال ہو تو بلاتکلف بھیجیے۔
والسلام
محمد مبشر نذیر
Don’t hesitate to share your questions and comments. They will be highly appreciated. I’ll reply as soon as possible if I know the answer. Send at mubashirnazir100@gmail.com.