امام ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ پر محدثین کی جرح

سوال: السلام علیکم۔ بھائی صاحب میں آپ کو کچھ اٹیچ منٹ بھیج رہا ہوں،  جن میں امام  ابوحنیفہ پر جرح کی گئی ہے۔ برائے مہربانی ذرا یہ تصدیق کروا دیں کہ یہ جرح صحیح ہے یا غلط؟

طاہر علی خان، کراچی، پاکستان

جواب: وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ

امام ابوحنیفہ کے بارے میں مناسب ہو گا کہ جرح و تعدیل کے مشہور انسائیکلو پیڈیا تہذیب الکمال میں ان کے بارے میں ائمہ جرح و تعدیل کی آراء پڑھ لیجیے۔ ان ائمہ کی اکثریت انہیں علم فقہ کا امام مانتی ہے۔ البتہ ان کے حافظے وغیرہ کے بارے میں کچھ کلام موجود ہے جو ڈھونڈ ڈھونڈ کر اس آرٹیکل میں جمع کیا گیا ہے۔

اس موقع پر یہ بھی ضروری ہے کہ کسی حدیث کے ایک راوی اور ایک فقیہ کے کردار کا جائزہ لے لیا جائے۔ جیسا کہ امام شافعی لکھتے ہیں کہ حدیث کا راوی دراصل کسی حدیث کے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے منسوب ہونے پر گواہی پیش کر رہا ہوتا ہے۔ جیسا کہ ہم عدالت میں کسی گواہ کی گواہی قبول کرنے سے پہلے اس کے کردار اور حافظے کا جائزہ لیتے ہیں، اسی طرح حدیث کے راویوں کے کردار اور حافظے وغیرہ کو پرکھا جاتا ہے کیونکہ محض اس شخص کی گواہی پر ہمیں ایک حدیث کو قبول یا مسترد کرنا ہوتا ہے۔

فقیہ کا معاملہ بالکل مختلف ہے۔ فقیہ گواہ نہیں ہوتا بلکہ اس کا کام یہ ہے کہ قرآن و حدیث کے ثابت شدہ احکام میں غور و فکر کرے اور ان کا اطلاق عملی زندگی کے مسائل پر کرے۔ فقیہ کے کام میں اس کی شخصیت نہیں بلکہ قرآن و سنت کے دلائل دیکھے جاتے ہیں۔

اگر امام ابوحنیفہ حدیث کے راوی ہوتے تو یقیناً جرح و تعدیل کے ان بیانات کی اہمیت تھی، لیکن ایسا نہیں ہے۔ ان کا رول ایک فقیہ کا رول ہے۔ اس وجہ سے ان کے حافظے وغیرہ کی بحث غیر متعلق ہے۔ جب وہ دین کی بنیاد پر کوئی بات کریں گے تو ان کے دلائل دیکھے جائیں گے۔ اگر ان کی بات قرآن و سنت کے مطابق ہو گی تو مان لی جائے گی ورنہ مسترد کر دی جائے گی۔ خود حنفی حضرات بہت سے معاملات میں ان سے اختلاف کرتے ہوئے ان کے شاگردوں کی آراء کو ترجیح دیتے ہیں۔

ہمیں اپنے ان تمام بزرگوں کا ادب و احترام کرنا چاہیے۔ بعض لوگ ان کے بارے میں جو پراپیگنڈا کرتے ہیں، وہ درست نہیں ہے۔ یہ انتہا پسندی ہے۔ دوسری انتہا ان کا فکری غلام بن جانا ہے۔ ان دونوں انتہاؤں  سے بچ کر ہمیں اعتدال کی راہ اختیار کرنی چاہیے۔ امید ہے اس سے بات واضح ہو گئی ہو گی۔

والسلام

محمد مبشر نذیر

Don’t hesitate to share your questions and comments. They will be highly appreciated. I’ll reply as soon as possible if I know the answer. Send at mubashirnazir100@gmail.com.

تعمیر شخصیت لیکچرز

امام ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ پر محدثین کی جرح
Scroll to top