سوال: السلام علیکم مبشر صاحب
آپ کیسے ہیں۔ امید کرتا ہوں کہ آپ ٹھیک ہوں گے۔ پچھلے خط کا جواب دینے کا شکریہ۔ آج بھی کچھ سوال پوچھنا چاہتا ہوں۔ قرآن مجید میں 114 سورتیں ہیں۔ کیا آپ مجھے ان تمام سورتوں کے اردو میں مطلب بتائیں گے؟ (باقی سوالات دیگر صفحات پر ہیں۔)
عبداللہ ، سیالکوٹ، پاکستان
جواب: السلام علیکم و رحمۃ اللہ
آپ کے سوالات دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔ ان سوالات کا جواب تفصیلی مقالہ سے دیا جا سکتا ہے۔ کچھ وسائل بتا دیتا ہوں، آپ وہاں خود دیکھ لیجیے۔
سورتوں کے نام جیسے البقرہ، آل عمران ۔۔۔ اللہ تعالی کے رکھے ہوئے نہیں ہیں۔ عربوں میں یہ رواج تھا کہ ہر سورۃ میں جو بھی چیز انہیں منفرد محسوس ہوتی، اس سے سورۃ کو موسوم کر دیتے۔ سورۃ البقرہ میں چونکہ گائے کے واقعہ کا ذکر ہے جو کہ ایک عجیب واقعہ ہے، اس وجہ سے یہ سورۃ “البقرہ” یعنی “گائے والی سورت” کے نام سے مشہور ہو گئی۔ اسی طرح “آل عمران” میں حضرت عمران رضی اللہ عنہ کے خاندان کا ذکر ہے جس میں ان کی جلیل القدر بیٹی سیدہ مریم رضی اللہ عنہا اور عظیم نواسے سیدنا عیسی علیہ الصلوۃ والسلام کا ذکر ہے۔ “النساء” میں خواتین کے مخصوص احکام بیان ہوئے ہیں۔ “المائدہ” میں سیدنا عیسی الصلوۃ والسلام کے آسمانی دستر خوان کا ذکر ہے۔ یہ معاملہ تمام سورتوں کا ہے۔
ہر سورت کے تفصیلی تعارف اور نام کے معانی کے لئے تفسیر تفہیم القرآن دیکھ لیجیے۔ یہ انٹرنیٹ پر بھی دستیاب ہے۔
https://drive.google.com/drive/folders/1FmYwrMK6RvcwU4_GQNBM4Li63J8tg5wW?usp=sharing
محمد مبشر نذیر
Don’t hesitate to share your questions and comments. They will be highly appreciated. I’ll reply as soon as possible if I know the answer. Send at mubashirnazir100@gmail.com.