سوال: متشابہات سے کیا مراد ہے؟ان کی چھان پھٹک سے کیوں منع کیا گیا ہے؟
جواب: متشابہات سے مراد آخرت سے متعلق وہ امور ہیں جن کی کوئی مثال دنیا میں موجود نہیں ہے۔ اس لئے انہیں انسانی زبان کے کچھ ملتے جلتے الفاظ میں بیان کیا گیا ہے۔ اس کی مثال ایسے ہے کہ قدیم زمانے میں اگر آج کی ایجادات کا ذکر کیا جاتا تو ان کے لئے کوئی الفاظ موجود نہ تھے۔ انہیں اس دور کے ملتے جلتے الفاظ میں بیان کیا جاتا جیسے ہوائی جہاز کے بارے میں کہا جاتا کہ مستقبل میں لوہے کے پرندے ہوں گے جو بہت ہی تیز رفتاری سے پرواز کریں گے ۔ انسان ان کے پیٹ میں بیٹھ کر بہت کم وقت میں دور دراز کا سفر کر سکیں گے۔ اسی طرح کمپیوٹر کے بارے میں کہا جاتا کہ ایسی مشینیں ہوں گی جو بٹن دبانے پر سارا حساب کتاب کر کے رکھ دیں گے۔ موبائل فون کے بارے میں کہا جاتا کہ انسان چھوٹے چھوٹے ڈبوں کی مدد سے ہزاروں میل کے فاصلے پر گفتگو کریں گے۔
جنت اور جہنم میں کس طرح کی اشیا ہوں گی۔ اس کا صحیح علم تو وہاں جا کر ہی ہو سکتا ہے۔ ہمارے محدود مشاہدے کے باعث دنیا کی ہی چند ملتی جلتی چیزوں مثلاً پھل، نہر، باغ، آگ وغیرہ کی مثال بیان کرکے ہمیں سمجھایا گیا کہ جنت اور جہنم کی نعمتیں اور عذاب کچھ اس طرح کے ہوں گے۔ انہی کو امور متشابہات کہتے ہیں۔ چونکہ ان امور میں بحث مباحثہ کرکے ہم کبھی بھی حقیقت تک نہیں پہنچ سکتے، اس لئے اللہ تعالیٰ نے اس بیکار مشغلے سے روکا ہے اور یہ بتایا ہے کہ ایسا وہی لوگ کرتے ہیں جن کے دلوں میں ٹیڑھا پن ہے۔
محمد مبشر نذیر
Don’t hesitate to share your questions and comments. They will be highly appreciated. I’ll reply as soon as possible if I know the answer. Send at mubashirnazir100@gmail.com.