لات دیوتا کی مردانگی

السلام علیکم

صحیح بخاری میں ایک حدیث مبارک اللات، العزی، المناۃ کے حوالہ سے ہے کہ لات ایک ایسا بندہ تھا جو حاجیوں کی خدمت کے لیے ستو بھگویا کرتا تھا:  جبکہ قرآن مجید کے مفہوم سے یہ سمجھ آتی ہے کہ یہ نام مشرکین نے فرشتوں کے رکھے ہوئے تھے اور لات، منات اور عزی دیویاں تھیں۔ ارشاد ہے کہ

 أَفَرَأَيْتُمُ اللَّاتَ وَالْعُزَّىٰ ﴿١٩﴾ وَمَنَاةَ الثَّالِثَةَ الْأُخْرَىٰ ﴿٢٠﴾ أَلَكُمُ الذَّكَرُ وَلَهُ الْأُنثَىٰ ﴿٢١﴾ تِلْكَ إِذًا قِسْمَةٌ ضِيزَىٰ ﴿٢٢﴾ إِنْ هِيَ إِلَّا أَسْمَاءٌ سَمَّيْتُمُوهَا أَنتُمْ وَآبَاؤُكُم

کم ازکم لات ہی سہی مگر اگر وہ مرد تھا تو آیت مبارکہ کا کیا مفہوم ہوگا؟

براہ کرم وضاحت کریں۔

سائل

محمد شکیل

محترم شکیل بھائی

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

عربی میں وہ اسلوب عام ہے جسے علی وجہ التغلیب کہا جاتا ہے کہ غالب امور کی بنیاد پر فیصلہ کر دیا جاتا ہے۔ لات، عزی اور منات میں سے دو کے تو دیویاں ہونے پر اتفاق ہے، اس لیے صیغہ مونث کا استعمال ہوا۔ اردو میں بھی یہ عام ہے جیسے ہم کہتے ہیں کہ سلمی، زید اور بکر گئے۔ اگرچہ یہاں ایک خاتون اور دو مردوں کا ذکر ہے لیکن صیغہ جمع  مذکر استعمال ہوا ہے۔ اسی طرح اگر اکثریت خواتین کی ہے تو یہ کہا جائے گا کہ زید، سلمی اور عظمی گئیں۔   یہاں مونث کا صیغہ استعمال ہو گا۔ قرآن مجید میں اسی وجہ سے لات، منات اور عزی کا ذکر مونث کے صیغے میں ہوا ہے۔

ویسے جو مشرکین کا علم الاصنام میتھالوجی ہوتا ہے، اس میں معقولیت کا ہونا ضروری نہیں ہوتا۔  کسی بھی قوم کے دیوی دیوتاؤں کے قصے پڑھیے تو اس میں بہت سی ایسی باتیں ہوں گی جو انسانی عقل  مان نہیں سکتی۔ عین ممکن ہے کہ لات مرد ہی ہو او رحاجیوں کو ستو پلانے کے سبب اسے دیوتا بنا دیا گیا ہو۔  پھرعربوں کے خیال میں مر کر دیوی بن گیا ہو اور اس کی جنس تبدیل ہو گئی ہو۔  اگر ہم مختلف اقوام کے علم الاصنام کا مطالعہ کریں تو معلوم ہوتا ہے کہ مشرکین کے ہاں دیویوں کو خاص اہمیت حاصل رہی ہے کیونکہ وہ اپنے تئیں اسے خدا کا مونث پہلو یعنی ماں والی سائیڈ سمجھتے تھے۔ ان کے ہاں یہ تصور موجود تھا کہ خدا ماں اور باپ دونوں ہے۔ باپ والی خصوصیات کا ظہور دیوتاؤں اور ماں والی خصوصیات کا ظہور دیویوں کی شکل میں ہوتا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ اس طرح لات کے بارے میں ان کا نظریہ بدل گیا ہو۔ یہ میرا خیال ہی ہے۔ ویسے آپ جواد علی کی تاریخ العرب قبل الاسلام میں چیک کر سکتے ہیں۔

والسلام

محمد مبشر نذیر

Don’t hesitate to share your questions and comments. They will be highly appreciated. I’ll reply as soon as possible if I know the answer. Send at mubashirnazir100@gmail.com.

تعمیر شخصیت لیکچرز

لات دیوتا کی مردانگی
Scroll to top