باجماعت نماز کی عادت کو برقرار کیسے رکھا جائے؟

السلام علیکم

مبشر بھائی۔ اللہ آپ کو دین و دنیا میں کامیابی عطا فرمائے۔ آپ کی تحریریں میں بہت شوق سے پڑھتا ہوں اور یقیناً میں نے اس سے بہت زیادہ فائدہ اٹھایا۔  پہلے میں پانچ ٹائم باجماعت نماز پڑھتا تھا اور اس کے ساتھ کثرت سے اللہ کا ذکر کرتا تھا مگر جب سے ہاسٹل جائن یا ہے، باجماعت نماز نہیں پڑھتا اور بالکل ذکر نہیں کرتا۔ بہت کوشش کر رہا ہوں مگر ناکام ہوں۔ اس معاملے میں میرے لیے دعا فرمائیں اور میری راہنمائی کیجیے۔ شکریہ

ایک دوست

ٹیکسلا یونیورسٹی، پاکستان

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

آپ کی دعاؤں کا بہت بہت شکریہ۔ مجھے خوشی ہے کہ آپ کے اندر موجود ضمیر کی طاقت آپ کو باقاعدگی سے نماز پڑھنے کے لیے بے چین کر رہی ہے۔

اللہ تعالی نے ہم پر نماز فرض کی ہے۔ اللہ تعالی کی محبت ہی اس بات کے لیے کافی ہے کہ ہم اس کی پکار سن کر نماز کے لیے اٹھ جائیں۔ جیسے اگر کوئی آ کر ہمیں بتائے کہ تمہیں ملک کا وزیر اعظم بلا رہا ہے تو ہم دوڑتے ہوئے اس کی طرف جائیں گے۔ یہ تو خالق کائنات کا معاملہ ہے کہ وہ ہمیں اپنی جانب بلاتا ہے اور اذان اسی کی منادی ہے۔

میں خود بھی ہاسٹل لائف میں رہا ہوں۔ میرا تجربہ ہے کہ ہاسٹلوں وغیرہ میں لوگ زیادہ باقاعدگی سے باجماعت نماز پڑھتے ہیں۔ اگر یہاں آ کر آپ کو مشکل ہو رہی ہے تو اس کی وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ آپ کے دوست وہ لوگ نہیں ہیں جو نماز باقاعدگی سے پڑھتے ہوں۔ اس کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ایسے ساتھیوں سے دوستی کیجیے جو باقاعدگی سے باجماعت نماز پڑھتے ہوں۔ ہاسٹل کی مسجد میں آپ کو ایسے دوست مل جائیں گے۔ ان میں سے کسی کو کہہ دیجیے کہ وہ نماز کے لیے جاتے وقت آپ کو یاد کروا دے۔ اسی طرح آپ اپنے موبائل میں بھی نماز کا الارم لگا سکتے ہیں۔ اس سے انشاء اللہ باقاعدگی پیدا ہو جائے گی۔ کچھ عرصہ کوشش کیجیے، اس کے بعد ایسی عادت بن جائے گی کہ نماز نہ پڑھنے پر بے چینی ہو گی۔

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے احادیث میں جو اذکار منقول ہیں، صرف وہی کیجیے۔ یہ بہت ہی مختصر اذکار ہوتے ہیں۔ ہمارے دین میں طویل اذکار کا کوئی تصور نہیں ہے۔ ان اذکار کا ترجمہ یاد کر لیجیے اور پوری توجہ سے ان پر غور کرتے ہوئے ان کا ورد کیجیے۔ انشاء اللہ یہ کاوش بھی آپ کو نماز و ذکر میں باقاعدگی لانے میں مدد کرے گی۔

اگر کوئی اور سوال ذہن میں ہو تو بلاتکلف لکھیے۔

 والسلام

محمد مبشر نذیر

Don’t hesitate to share your questions and comments. They will be highly appreciated. I’ll reply as soon as possible if I know the answer. Send at mubashirnazir100@gmail.com.

تعمیر شخصیت لیکچرز

باجماعت نماز کی عادت کو برقرار کیسے رکھا جائے؟
Scroll to top