تزکیہ نفس  اور حکمت سے کیا مراد ہے؟

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!  سر میرا آپ سے یہ سوال ہے کہ

۔۔۔۔۔۔ تزکیہ نفس سے کیا مراد ہے؟

۔۔۔۔۔۔ حکمت کسے کہتے ہیں؟

ادریس، ڈیرہ غازی خان، پاکستان

ڈئیر ادریس صاحب

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

کوشش کیجیے کہ اردو میں لکھا کریں۔ میری رومن اردو کمزور ہے۔ سوالات کے جواب یہ ہیں۔

۔۔۔۔۔۔ تزکیہ نفس کا مطلب ہے، اپنی شخصیت کو اخلاقی عیوب سے پاک کر کے اس میں اچھی خصوصیات کو پروان چڑھانا۔  انسان کی شخصیت میں بہت سی خوبیاں اور خامیاں پائی جاتی ہیں۔ تزکیہ نفس کے عمل کے ذریعے خوبیوں کو پروان چڑھایا جاتا ہے اور خامیوں کو کنٹرول کیا جاتا ہے۔ یہ لفظ قرآن مجید کی اس آیت سے ماخوذ ہے:

وَنَفْسٍ وَمَا سَوَّاهَا (7) فَأَلْهَمَهَا فُجُورَهَا وَتَقْوَاهَا (8) قَدْ أَفْلَحَ مَنْ زَكَّاهَا (9) وَقَدْ خَابَ مَنْ دَسَّاهَا (10) 

نفس انسانی اور اسے درست بنانے والے کی قسم۔ پھر اس نے اس میں اس کی برائی اور نیکی کو الہام کر دیا۔ کامیاب ہوا وہ جس نے اسے پاکیزہ کیا اور نامراد ہوا وہ جس نے اسے دبا دیا۔  (سورۃ الشمس 90)

تزکیہ نفس کوئی پراسرار عمل نہیں ہے جس کے لئے مراقبوں اور چلوں کی ضرورت ہو۔ یہ ایک خالص عقلی اور منطقی عمل سے جسے عرف عام میں تعمیر شخصیت کہا جاتا ہے۔ اس کی تفصیل آپ اس لنک پر دیکھ سکتے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔ حکمت کا معنی ہے عقل و دانش وزڈم۔ مختلف سیاق و سباق میں یہ لفظ مختلف معانی میں آتا ہے۔ اگر آپ سیاق بتا سکیں تو میں معنی متعین کر سکتا ہوں۔ قرآن مجید میں یہ لفظ عقل کے معنی میں بھی استعمال ہوا ہے اور دین و شریعت کے احکام کے پیچھے جو  حکمت کارفرما ہے، اس کے لئے بھی استعمال ہوا ہے۔

والسلام

محمد مبشر نذیر

Don’t hesitate to share your questions and comments. They will be highly appreciated. I’ll reply as soon as possible if I know the answer. Send at mubashirnazir100@gmail.com.

تعمیر شخصیت لیکچرز

تزکیہ نفس  اور حکمت سے کیا مراد ہے؟
Scroll to top