ماضی کی تلخ یادوں سے چھٹکارا کیسے حاصل کیا جائے؟

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

محترم مبشر بھائی

ماضی کی تلخ یادوں سے چھٹکارا کیسے حاصل کروں، بہت سی باتیں پریشان کرتی ہیں۔ بہت کوشش کرتا ہوں کہ ماضی کے برے تجربات اور یادیں ذہن میں نہ آئیں لیکن ۔۔۔۔ آپ کسی طرح ان یادوں سے چھٹکارا حاصل کرتے ہیں۔ کوئی علاج بتائیے۔

عبداللہ، سیالکوٹ

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ

ماضی کی تلخ یادوں سے چھٹکارےکے لئے کچھ تجاویز یہ ہیں۔

۔۔۔۔۔۔ خود کا ماضی کی بجائے مستقبل کا اسیر بنائیے۔ مستقبل میں دنیاوی مستقبل کے ساتھ آخرت کے مستقبل کی فکر کیجیے جو اصل ہے۔ اس پر جتنا غور کریں گے، ماضی سے اتنی ہی نجات ملے گی۔

۔۔۔۔۔۔ ماضی کا جائزہ صرف ایک کام کے لئے لیجیے اور وہ ہے: ماضی میں مجھ سے ایسی کیا غلطیاں ہوئیں جن سے سیکھ کر میں اپنے مستقبل کو بہتر بنا سکتا ہوں۔ ایک مفکر کا قول ہے، میں ۱۰۰۰ غلطیاں بھی کروں تو میں یہ نہیں کہتا کہ میں نے ۱۰۰۰ غلطیاں کی ہیں۔ میں کہتا ہوں کہ میں نے ۱۰۰۰ ایسے طریقے دریافت کیے ہیں جن سے میں آئندہ غلطی سے بچ سکوں گا۔

۔۔۔۔۔۔ اللہ تعالی کو یاد کرتے رہیے۔ دوسروں سے اپنی توقعات کو کم سے کم رکھیے۔ جب ذہن میں تلخ یادیں آئیں تو انہیں جھٹک دیجیے اور اعوذ باللہ پڑھ کر ذہن کو کہیں اور لگانے کی کوشش کیجیے۔ اگر آپ خوش رہنا چاہتے ہیں تو دوسروں سے توقعات کم سے کم کیجیے۔ ان سے غلطی، دھوکہ اور نقصان کی توقع رکھیے۔ انسان پریشان اس وجہ سے ہوتا ہے کہ حقیقت اس کی توقع کے خلاف ہوتی ہے۔ جب توقع کم ہو گی تو حقیقت لازماً اس سے بہتر ہو گی اور آپ  خوش رہیں گے۔

اللہ تعالی آپ کو کامیابی دے۔

والسلام

محمد مبشر نذیر

Don’t hesitate to share your questions and comments. They will be highly appreciated. I’ll reply as soon as possible if I know the answer. Send at mubashirnazir100@gmail.com.

تعمیر شخصیت لیکچرز

ماضی کی تلخ یادوں سے چھٹکارا کیسے حاصل کیا جائے؟
Scroll to top