برمودا ٹرائی اینگل اور دجال

مبشر بھائی جان

السلام علیکم

چند سوالات پیش خدمت ہیں۔

۔۔۔۔۔۔ میں جب قرآن پڑھتا ہوں تو میں اس سے کوئٰ سبق حاصل نہیں کر پاتا۔ جب کہ صحابہ رضی اللہ عنہم تو قرآن پڑھ کر رویا کرتے تھے لیکن مجھ پر ایسا کوئی اثر نہیں ہوتا ہے۔

۔۔۔۔۔۔ نماز میں مجھے کوئی نہ کوئی خیال آتا رہتا ہے اور نماز میں خیال آنے سے نماز نہیں ہوتی۔ ایسا ہمارے مولانا کہتے ہیں۔ ایسے حالات میں مجھے لگتا ہے کہ اس سے اچھا تو یہ ہے کہ میں نماز نہ پڑھوں۔

۔۔۔۔۔۔ آج میں نے ڈسکوری چینل پر برمودا ٹرائی اینگل کے بارے میں ایک پروگرام دیکھا ۔  اسی تعلق سے میں نے آج سے چار ماہ پہلے ایک کتاب برمودا ٹرائی اینگل اور دجال پڑھی۔ اس کتاب میں مولانا نے دجال کا تعلق برمودا ٹرائی اینگل  سے بتاتے ہوئے کہا ہے کہ برمودا میں دجال اپنی سرنگ بنائے ہوئے ہے اور وہ دنیا میں آنے سے پہلے ساری تیاری کر رہا ہے۔

۔۔۔۔۔۔ میں ابھی بی کام کے پہلے سال میں ہوں۔ دسویں جماعت اردو میڈیم سے کیا اور بارہویں جماعت کامرس میں مراٹھی میڈیم سے کیا۔ ابھی بی کام  مراٹھی میڈیم  میں کر رہا ہوں۔ اگر آپ کے پاس کامرس فیکلٹی کی اردو کتابیں ہیں تو نام اور ایڈریس روانہ کیجیے جہاں سے میں حاصل کر سکوں۔

محمد مدثر، انڈیا

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

 تاخیر کے لیے معذرت۔ آپ کے سوالات کے جوابات یہ ہیں۔

 ۔۔۔۔۔۔ آپ نے درست کہا کہ اللہ تعالی انسان کے ضمیر کے مطابق فیصلہ کریں گے۔ جہاں تک قرآن مجید سے متاثر ہونے کا تعلق ہے تو میرے خیال میں اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم لوگ قرآن کو بغیر سوچے سمجھے پڑھتے ہیں۔ قرآن کے معانی کو سمجھنا شروع کر دیجیے تو انشاء اللہ وہ کیفیت ضرور پیدا ہو گی جس کی طرف آپ نے اشارہ کیا ہے۔ اس کے دو طریقے ہیں۔ فوری طریقہ تو یہ ہے کہ قرآن مجید کا کوئی بھی اچھا سا ترجمہ پڑھ لیجیے۔ اس کے ساتھ ساتھ اتنی عربی سیکھ لیجیے جس سے آپ کو قرآن براہ راست سمجھ میں آنے لگے۔ اس کے لیے آپ میری ویب سائٹ پر قرآنی عربی پروگرام سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ اس سے انشاء اللہ محض چند ماہ میں آپ کو اتنی عربی آ جائے گی کہ آپ قرآن کو سمجھ کر پڑھ سکیں گے۔

 ۔۔۔۔۔۔ نماز میں وسوسوں کا آنا ایک نارمل چیز ہے اور یہ ہم سب کو آتے ہیں۔ ان سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ جو نماز کے لیے کھڑے ہوتے ہیں، رکوع و سجود کرتے ہیں، اللہ تعالی کو یہی ادا پسند ہے۔ بس وسوسوں کو ہٹانے کی کوشش کیجیے اور نماز میں دھیان لگانے کی کوشش کیجیے۔ اللہ تعالی اسے ضرور قبول فرمائے گا۔ میرا تجربہ ہے کہ آنکھیں بند کرنے سے نماز میں توجہ زیادہ رہتی ہے۔ اسے کر کے دیکھ لیجیے۔ جن مولانا کا آپ نے ذکر کیا ہے، انہوں نے کچھ اور کہا ہو گا کیونکہ وسوسے اور خیالات تو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو بھی آتے تھے۔ ان سے دوبارہ دریافت کر لیجیے۔

۔۔۔۔۔۔ برمودا ٹرائی اینگل کی حقیقت کا علم صرف اللہ تعالی کو ہے۔ اس کائنات کے بہت سے ایسے اسرار ہیں جن پر اب بھی پردہ پڑا ہے۔ ممکن ہے کہ مستقبل میں اس بارے میں کچھ انکشافات ہو جائیں۔ میں نے متعلقہ کتاب دیکھی ہے جس میں فاضل مصنف نے برمودا ٹرائی اینگل کو دجال کا مرکز قرار دیا ہے۔ انہوں نے اس جگہ کی پراسراریت سے متعلق کچھ لوگوں کے بیانات اور دجال سے متعلق کچھ معلومات کی بنیاد پر ایک اندازہ قائم کیا ہے۔  اگر آپ کو یہ اندازہ درست لگتا ہے تو مان لیجیے اور اگر نہیں لگتا تو نہ مانیے، یہ کوئی دینی مسئلہ نہیں ہے۔ ممکن ہے کہ دجال وہاں موجود ہو  اور یہ بھی ممکن ہے کہ وہ کہیں اور موجود ہو۔ ہو سکتا ہے کہ وہ اسی زمانے میں پیدا ہوا جائے اور یہ بھی ممکن ہے کہ دو چار سو یا ہزار سال بعد پیدا ہو۔ یہ سب باتیں ممکن ہیں اور محض اندازے ہیں۔ کوئی چیز علمی حقیقت اس وقت بنتی ہے جب وہ اتنی واضح ہو جائے کہ کوئی بھی شخص اس کو پرکھ سکے۔

ویسے برمودا ٹرائی اینگل کا مسئلہ تو کئی صدیوں سے حل نہیں ہو سکا ہے۔  چار پانچ سو سال سے وہاں جہاز غائب ہو رہے ہیں۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ  کیا دجال کی اتنی لمبی عمر ہے۔ احادیث سے واضح ہوتا ہے کہ وہ بھی انسان ہی ہو گا۔ اس وجہ سے فاضل مصنف کے پورے احترام کے باوجود میں یہی کہوں گا کہ مجھے ان کا اندازہ درست معلوم نہیں ہوتا۔ بہرحال ان کا اپنا نقطہ نظر ہے جس کا اختلاف رائے کے باوجود ہمیں احترام  کرنا چاہیے۔

 ۔۔۔۔۔۔ میں نے 1994 میں بی کام انگلش میڈیم سے کیا تھا۔ پاکستان کے پنجاب میں یہ انگلش میں ہوتا ہے۔ سنا ہے کہ کراچی میں اردو میں ہوتا ہے۔ اگر آپ کو اس کی کتب درکار ہیں تو آپ کے کراچی میں اگر کوئی عزیز ہوں تو انہیں کہہ دیکھیے۔ وہ خرید کر بھجوا دیں گے۔ تازہ ترین سلیبس کا مجھے علم نہیں ہے۔ وہ کسی بھی بی کام کے طالب علم سے پوچھ سکتے ہیں یا کتابوں کی دکان سے جا کر کورس طلب کر سکتے ہیں۔

 ذہن میں کوئی اور سوال ہو تو بلا تکلف لکھیے۔

 والسلام

محمد مبشر نذیر

Don’t hesitate to share your questions and comments. They will be highly appreciated. I’ll reply as soon as possible if I know the answer. Send at mubashirnazir100@gmail.com.

تعمیر شخصیت لیکچرز

برمودا ٹرائی اینگل اور دجال
Scroll to top