بخل اور اسراف

انسانی شخصیت بعض اوقات جن بیماریوں کا شکار ہو جاتی ہے، ان میں سے ایک بخل ہے۔ اس کا بالکل عکس سخاوت ہے۔ بخل کا معنی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے جو نعمتیں بالخصوص مال و دولت انسان کو عطا کی ہیں وہ انہیں استعمال کرنے میں کنجوسی کا مظاہرہ کرے اور جہاں انہیں خرچ کرنا ضروری ہو، وہاں خرچ کرنے سے گریز کرے۔مثلاً ایک شخص انتہائی دولت مند ہونے کے باوجود پھٹے پرانے کپڑے پہنتا ہے اور اپنے بچوں کو بھی اس پر مجبور کرتا ہے یا روکھا سوکھا کھاتا ہے تو یہ بخل ہے۔

سب سے برا شخص وہ ہے جسے لوگ اس کی بدزبانی کے باعث چھوڑ دیں۔ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم

حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اسی بات کی تعلیم دی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے جو نعمتیں انسان کو دی ہیں ، ان کے اثرات اس کی شخصیت پر بھی ظاہر ہونے چاہئیں۔ بخل کی ایک بڑی مثال اس وقت دیکھنے میں آتی ہے جب ہم ضرورت مندوں کی مدد کرتے ہیں۔ اگر ہمارے پاس کوئی حقیقی ضرورت مند آجائے تو اسے کچھ وقت ہمیں اپنی تمام ضروریات یاد آجاتی ہیں لیکن اپنی عیاشیوں کے وقت ہم کوئی نہ کوئی جواز ضرور گھڑ لیتے ہیں۔ اگر ہم کسی ضرورت مند کی مدد کر بھی دیں تو ہماری یہ خواہش ہوتی ہے کہ وہ ساری عمر ہمارے احسان کے بوجھ تلے دبا رہے اور ہمارا غلام بن کر رہے۔   

    شخصیت کے اسی پہلو کی دوسری انتہا اسراف اور تبذیر ہے۔ انسان اپنی خواہشات کا اتنا غلام بن جائے کہ وہ ان کی تکمیل کے لئے دولت کو ضائع کرنا شروع کر دے۔ قرآن میں ایسے لوگوں کو شیطان کا بھائی کہا گیا ہے۔ پر تعیش زندگی کی بہت سی مثالیں ہمارے معاشرے میں پائی جاتی ہیں۔ ہمارے بہت سے بھائی اپنی خواہشات کی تکمیل کے لئے تو ہزاروں لاکھوں خرچ کر دیتے ہیں لیکن انہیں ان غریبوں کی کوئی پرواہ نہیں ہوتی جن کے بچے بھوک سے بلک رہے ہوتے ہیں۔

    دین ہمیں انتہا پسندی کے ان رویوں سے بچ کر ہمیں اعتدال کی راہ اپنانے کی تلقین کرتا ہے۔ جہاں خرچ کرنا چاہئے وہاں خرچ نہ کرنا بخل ہے اور جہاں خرچ نہیں کرنا چاہئے وہاں خرچ کرنا اسراف ہے۔ سخاوت اور دریا دلی اس کا نام ہے کہ جہاں خرچ کرنا چاہئے وہاں انسان خرچ کرنے سے نہ گھبرائے بلکہ دل کھول کر خرچ کرے اور اسراف سے ہر صورت میں بچے۔

(مصنف: محمد مبشر نذیر)

اس تحریر سے متعلق آپ کے تجربات دوسروں کی زندگی سنوار سکتے ہیں۔ اپنے تجربات شیئر کرنے کے لئے ای میل بھیجیے۔ اگر آپ کو تعمیر شخصیت سے متعلق کوئی مسئلہ درپیش ہو تو بلاتکلف ای میل کیجیے۔ 
mubashirnazir100@gmail.com

غور فرمائیے

۔۔۔۔۔ بخل اور اسراف کے کیا نتائج انسان کی شخصیت اور اس کے خاندان پر مرتب ہوتے ہیں؟

۔۔۔۔۔ اپنی زندگی کے کسی ایسے واقعے پر غور کیجیے جب اعتدال کے ساتھ خرچ کرنے سے آپ کو کوئی فائدہ پہنچا ہو۔

علوم القرآن کے ذریعے تعمیر شخصیت لیکچرز

بخل اور اسراف
Scroll to top